Wednesday, April 23, 2025
Homesliderیکم مارچ سے کورونا ٹیکہ کے دوسرے مرحلے کا آغاز

یکم مارچ سے کورونا ٹیکہ کے دوسرے مرحلے کا آغاز

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی: ہندوستان میں یکم مارچ سے کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی  کا دوسرا مرحلہ شروع ہورہا ہے ۔دوسرے مرحلے کے دوران 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ٹیکہ لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ 45تا 60 سال کے درمیان کے افراد  کو بھی ٹیکہ دیا جائے گا، تاہم اس عمر کے زمرے والے صرف ان ہی افراد کو دوا ملے گی  جو سنگین بیماری میں مبتلا ہیں۔

یکم مارچ کو شروع ہونے والی ٹیکہ اندازی کے لئے ناموں کا اندراج سب سے اہم ہے اور اندراج تین طریقوں سے کیا جاسکتا ہے۔ پہلا طریقہ کو۔ون ایپ یا آروگیہ سیٹو ایپ کے ذریعہ 28 فروری کے بعد اندراج کر سکتے ہیں۔ حکومت فی الحال کوون ایپ کو اپ ڈیٹ کر رہی ہے۔ ایپ کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد عوام  کو اس میں سرکاری اور خانگی  مراکز نظر آئیں گے۔ اس میں نظام الاوقات اور دیگر اہم معلومات موجود ہوں گی ۔ اس کے علاوہ ان سائٹ پر رجسٹریشن یعنی ٹیکہ مرکز  میں جا کر بھی اپنا نام  درج کروا سکتے ہیں۔ یہ سہولت ان لوگوں کے لئے ہے جن کے پاس اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ نہیں ہے۔ جو لوگ پیشگی رجسٹریشن نہیں کروا سکے انہیں بھی یہ سہولت حاصل ہوگی۔

اس کے علاوہ ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں عوام  کا اندراج کیا جائے گا۔ ان افراد  کا انتخاب انتظامیہ کی طرف سے کیا جائے گا اور اس میں آشا، اے این ایم ورکرز، پنچایت راج کے نمائندے اور خواتین کے گروپ شامل ہوں گے۔کورونا ٹیکہ کی خوراک لینے والے افراد کو اپنے ساتھ فوٹو آئی ڈی دستاویز پیش کرنا لازمی ہے۔ ان میں آدھار کارڈ اور ووٹر آئی ڈی کارڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 45 سال سے زیادہ عمر اور 60 سال سے کم عمر کے افراد کو ٹیکہ لینے کے لئے سنگین بیماری میں مبتلا ہونے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا، رجسٹرڈ ڈاکٹروں کے ذریعہ اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔

ویکسین کی پہلی اور دوسری (آخری) خوراک حاصل کرنے کے بعد مستفید افراد کے لئے ایک کیو آر کوڈ تیار کیا جائے گا۔ اسے ایم ایس ایم ایس لنک کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ ٹیکہ خوراک حاصل کیے جانے کا سرٹیفکیٹ کوویڈ ویکسین مراکز سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔