Tuesday, April 22, 2025
Homeاسپورٹسعبدالصمد ہندوستانی میسی بننے کے خواہاں

عبدالصمد ہندوستانی میسی بننے کے خواہاں

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ ویسے تو ہندوستان میں کرکٹ کو جو مقبولیت حاصل ہے وہ فٹبال کو حاصل نہیں ہے لیکن اس کے باوجود نوجوانوں کی اس کھیل میں دلچسپی اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کی کئی ایک مثالیں سامنے آرہی ہے جن میں ایک نیا نام سہل عبد الصمد کا ہے۔

 صرف سات مقابلوں کا تجربہ رکھنے والے ہندوستانی فٹبال ٹیم کے نوجوان کھلاڑی سہل عبدالصمد نے اس مختصر عرصہ میں ہندوستانی ٹیم میں ایک نیا جوش پیدا کیا ہے لیکن یہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ نوجوان ہندوستانی میڈ فیلڈر عبدالصمد ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑی لیونل میسی کی طرح ہندوستانی ٹیم کی خدمات انجام دینا چاہتے ہیں یعنی وہ ہندوستانی ٹیم کے میسی بننے کے خواہاں ہیں۔ 22 سالہ عبدالصمد کا تعلق کیرالا سے ہے جنہوں نے ماہ جون میں کنگس کپ کے دوران اپنا بین الاقوامی کریئر کیوراساؤملک کی ٹیم کے خلاف کیا اور صرف چار مہینوں کے اندر ہی انہوں نے تمام تر توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔

میڈفیلڈر کے فٹبالر عبدالصمد ان دنوں اپنی شاندار صلاحیتوں کی وجہ سے سرخیوں میں ہے۔ ایشین چمپئن قطر کی ٹیم کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر کا جو مقابلہ گذشتہ ہفتہ منعقد ہوا تھا اس میں عبدالصمد کے شاندار مظاہرے سب کی توجہ کا مرکز رہے جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم نے ایشیائی چمپئن ٹیم کو اپنے خلاف گول بنانے نہیں دیا اور یہ مقابلہ تاریخی انداز میں بغیر گول کے ڈرا ہوا۔

 اس مقابلہ کے دوران عبدالصمد نے اپنے ساتھی کھلاڑی ادنتاسنگھ کیلئے دو مرتبہ گول بنانے کے مواقع پیدا کئے تھے۔ عبدالصمد نے خبر رساں ایجنسی کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ مجھے کسی بھی مقام پر کھیلنے میں کوئی پریشانی نہیں لیکن میں جہاں بھی کھیلوں گیند پر اپنا قبضہ رکھنے کے علاوہ ٹیم کے ڈیفنس کو مستحکم کرتے ہوئے گول بنانے کے مواقع پیدا کروں جیسا کہ میسی اپنی ٹیم کیلئے کرتے ہیں۔

عبدالصمد نے واضح کیا ہیکہ وہ میسی کے بہت بڑے مداح ہیں اور انہوں نے عالمی شہرت یافتہ ارجنٹینا کے کھلاڑی میسی کے کھیل کو دیکھ کر بہت کچھ سیکھا ہے اس کے علاوہ وہ میسی کی طرح اپنی ٹیم کی فتوحات میں کلیدی رول ادا کرنا چاہتے ہیں۔ عبدالصمد کے بموجب کیونکہ وہ میسی کے مداح ہیں اور ان ہی کی طرح ٹیم کیلئے مظاہرے کرنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہیکہ ان کے کھیلنے کا انداز بھی میسی کی طرح ہی ہے۔

 عبدالصمد کو ہندوستانی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع اس لئے ملا کیونکہ ٹیم کے نئے کوچ آئیگور اسٹیمات نے نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی کھوج کے ساتھ انہیں قومی ٹیم میں موقع فراہم کیا ہے۔ عبدالصمد نے انڈین سوپر لیگ کے کلب کیرالا بلاسٹر کیلئے گذشتہ دو سال سے اپنی خدمات فراہم کی ہیں۔

 دو سال شاندار مظاہرے کرنے کے باوجود انہیں جنوری میں ایشین کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی تھی جس کے باوجود عبدالصمد نے اپنی ہمت نہیں ہاری۔ عبدالصمد گیند پر قبضہ رکھنے کو کافی پسند کرتے ہیں اور اس کیلئے وہ ہر آئے دن اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کررہے ہیں۔ گیند پر قبضہ رکھنے کے ضمن میں عبدالصمد نے کہا کہ کبھی میں احمقانہ طریقہ سے قبضہ گنوا دیتا ہوں جوکہ اہم موقع کیلئے بہتر نہیں ہوتا۔

عبدالصمد نے کہا کہ دورہ جدید کے فٹبال کھیل میں گیند پر قبضہ رکھنا انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے تاکہ اسکے ذریعہ حریف کھلاڑیوں کو پریشان کیا جاسکے۔ انڈین سوپرلیگ کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے عبدالصمد نے کہا کہ شائقین کی جانب سے جب حوصلہ افزائی کیلئے نعرے بازی اور چیخ و پکار کی جاتی ہے تو یہ کھلاڑیوں میں ایک نیا جوش پیدا کرتا ہے۔ نیز گھریلو میدانوں میں مقامی شائقین کی جانب سے ملنے والی داد و تحسین ایک مثبت علامت ہے۔