حیدرآباد: کانگریس کے سینئیر رہنما محمد علی شبیر نے ایک بیان دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کا انتخابات کے علاوہ کچھ اور نہ سونچنا،تلنگانہ ریاست کو بہت بڑا نقصان پہنچا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ”کے سی آر صرف انتخابات جیتنا چاہتے ہیں اور عوام کے لئے کچھ نہیں کرنا چاہتے۔وہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی قیمت پر وہ انتخابات جیت جائیں۔اس خود غرض رویہ نے عام لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
محمد علی شبیر نے کہا کہ ”حضور نگر اسمبلی ضمنی انتخابات سے متعلق نوٹیفکیشن کے اجراء کے چند گھنٹوں کے بعد،کے سی آر نے ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا،انچارج کا تقرر کیا اور تمام وزراء،قانون سازوں اور پارٹی رہنماؤں کو مذکورہ نشست کی کامیابی پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔اس طرح کی سرگرمی اس وقت نظر نہیں آتی جب لاکھوں افراد وائرل بیماریوں سے متاثر ہوئے تھے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں صحت کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کے سی آر کو ایک جامع اجلاس منعقد کرنا چاہئے تھا۔مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔شبیر علی نے کہا کہ وزیر صحت ایٹالہ راجندر بغیر کسی ایجنڈے کے سرکاری اسپتالوں کا دورہ کر رہے ہیں۔