ریاض ۔ سعودی عرب میں اب بیرونی سیاح سیر وتفریح کےلئے ویزا حاصل کرسکیں گے لیکن اس کےلئے شرائط کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں حال ہی میں سیاحتی ویزے پر اپنی پالیسی تبدیل کی گئی ہے۔ جس کے بعد حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ویزے حاصل کرنے کے لیے تین طریقوں پر عمل کرنا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب بین الاقوامی سیاحت میں قدم رکھتے ہوئے تاریخی مقامات کے لیے سیاحتی ویزوں کا اجرا 28 ستمبر سے شروع کر دیا ہے، دنیا بھر میں قائم سعودی سفارتخانوں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ سعودی حکومت کی کوشش ہے کہ 2030 تک مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد ایک سو ملین تک پہنچ جائے۔
سعودی عرب کی سیاحتی ویزوں کے حصول کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہو رہا ہے، اس ویزے کے جاری ہونے کے بعد معیاد ایک سال تک کے قریب ہو گی۔ اس دوران ہر دورے میں مملکت میں زیادہ سے زیادہ 90 روز قیام کیا جا سکے گا۔
ایک سال کے اندر مملکت میں 180 روز سے زیادہ قیام کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس سے قبل سیاحتی ویزوں سے متعلق 10 اہم ترین حقائق درج کیے گئے تھے۔ ویزے کی فیس 440 ریال ہو گی۔ یہ ویزا ویب سائٹ کے ذریعہ یا پھر مملکت پہنچنے پر دیا جائے گا۔ یہ ویزا 5 تا 30 منٹ میں نکلوایا جا سکے گا۔ اس ویزے کی میعاد ایک سال ہو گی۔
یہ ویزا 18 اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو جاری کیا جائے گا۔ اس ویزے کے لیے مذہب کی کوئی شرط نہیں ہے۔ سیاحتی ویزا حاصل کرنے والے کے مملکت میں داخلے کے وقت اس کے پاسپورٹ کی میعاد چھ ماہ سے کم نہ ہو۔ ویزے کے حامل فرد کو ایک سال کے دوران مملکت میں 90 روزقیام کی اجازت ہو گی۔ اس ویزے کا حامل سعودی عرب میں 6 مرکزی راستوں سے داخل ہو سکے گا۔
سیاحتی ویزا 3 طریقوں سے حاصل کیا جا سکے گا۔ سیاحوں کو جن تین طریقوں پر عمل کرنا ہو گا وہ یہہیں۔ پہلا طریقے میں ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن یا چند منٹوں میں ویزا نکلوانے کے لیے تیار کی گئی مشینوں کا استعمال۔ سرحدی گزر گاہوں اور ایرپورٹس پر پہنچنے پر ویزے کا حصول۔ (کنگ خالد ایرپورٹ، کنگ عبدالعزیز ایرپورٹ، کنگ فہد ایرپورٹ، پرنس محمد بن عبدالعزیز ایرپورٹ اور البطحاءکی زمینی سرحدی گزرگاہ)۔ اجازت یافتہ ممالک میں سعودی عرب کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے نمائندوں کے ذریعے بھی ویزا حاصل کیا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ملک میں سیاحت کے وسیع تراقدامات اور سیاحتی ویزا پالیسی کو عام کرنے کے بعد سیاحتی شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سیاحت کے شعبے میں مقامی اور عالمی سرمایہ کارکمپنیوں کے ساتھ متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریبا 100 ارب (1کھرب ریال) ہے۔ یہ پیش رفت سعودی عرب کی سپریم اتھارٹٰی برائے سیاحت کی طرف سے سیاحت کےلئے 49 ممالک سے آنے والے سیاحوں کو آسان شرائط پر ویزوں کی فراہمی کے اعلانات کے بعد سامنے آئی ہے۔