Sunday, June 8, 2025
Homeاسپورٹس روہت نے پہلی ہی اننگز میں کئی ریکارڈ توڑدئے

 روہت نے پہلی ہی اننگز میں کئی ریکارڈ توڑدئے

- Advertisement -
- Advertisement -

وشاکھاپٹنم۔ محدود اوور کی کرکٹ کے بادشاہ روہت شرما ٹسٹ میں پہلی مرتبہ اننگز کا آغاز کرنے اترے اور ناٹ آوٹ سنچری بنائی۔ روہت کے ناٹ آوٹ 115اور ان کی مینک اگروال(ناٹ آوٹ 84) کے ساتھ پہلی وکٹ کے لئے202 رنز کی غیرمفتوح شراکت کی بدولت ہندستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف بارش سے متاثر پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن بغیر کوئی وکٹ گنوائے 202 رنز بنا لئے ۔

پہلے ٹسٹ کے پہلے دن 59.1 اوور کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ بارش کی وجہ سے کھیل مقررہ وقت سے کافی پہلے ختم کرنا پڑا لیکن اس دوران روہت نے شاندار سنچری اننگزکھیل کر دکھا دیا کہ وہ ٹسٹ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دن کے اختتام تک روہت نے 174گیندوں پر ناٹ اوٹ 115رنز میں 12 چوکے اور پانچ چھکے لگائے جبکہ مینک نے 183گیندوں پر ناٹ آوٹ 84 رنز میں گیارہ چوکے اور دو چھکے لگائے ۔

میچ کا پہلا دن پوری طرح روہت کے نام رہا جنہوں نے اوپننگ میں پہلی مرتبہ اترکر پہلی اور ٹسٹ میچوں کی چوتھی سنچری بنائی اور ان کی ٹسٹ صلاحیت پر سوال اٹھانے والے ناقدین کوکرارا جواب دیا۔ روہت یہاں اننگز کے آغاز سے قبل وجے نگر میں جنوبی افریقہ کے خلاف پریکٹس میچ میں بطور اوپنر صرف دوگیندوں میں کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے تھے لیکن کپتان ویراٹ کوہلی نے میچ سے قبل روہت پر پورا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے واضح کردیا تھا کہ روہت پہلے ٹسٹ میں اننگز کا آغاز کریں گے ۔

 روہت نے کپتان کوہلی اور ٹیم انتظامیہ کا اعتماد قائم رکھا اور اپنی سنچری اننگز کے دوران کئی ریکارڈ بنائے ۔ ٹیم انتظامیہ نے اس سیریز میں لوکیش راہول کی جگہ محدود اوورس کی کرکٹ کے طوفانی اوپنر روہت کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ بالکل درست ثابت ہوا۔

32سالہ روہت اس سنچری کے ساتھ اب بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹ (ٹسٹ، ونڈے اور ٹی20) میں بطور اوپنر سنچری بنانے والے کرکٹ تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ روہت اس دہے میں ٹسٹ سنچری پوری کرنے سے پہلے اننگز میں چار چھکے لگانے والے پہلے ہندستانی اوپنر بھی بن گئے ہیں۔

روہت سابق کپتان اور راہول ڈراویڈ کے بعد ایسے دوسرے ہندستانی بن گئے ہیں جنہوں نے گھریلو میدان پر ٹسٹ کی مسلسل چھ اننگز میں پچاس یا اس سے زیادہ کا اسکور بنایا ہے ۔ روہت مسلسل چھ اننگز میں 82، ناٹ آوٹ 51، ناٹ آوٹ 102، 65، ناٹ آوٹ 50او ر ناٹ آوٹ 115بنا چکے ہیں۔

ڈراویڈ نے 1997-1998کے دوران ٹسٹ میں ہندستان میں مسلسل چھ مرتبہ پچاس سے زیادہ رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔ روہت نے 2016 سے 2019کے دوران یہ کامیابی حاصل کی۔