نئی دہلی: جموں و کشمیر کے پرنسپل سکریٹری روہت کنسل نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ ریاست میں پوسٹ پیڈ موبائل فون خدمات پیر سے بھال کردی جائیں گی۔اس کے ساتھ ہی نقل و حرکت پرلگائی گئی پابندیاں بھی مکمل طور پر ختم کردی گئیں ہیں۔روہت کنسل نے کہا ہے کہ زیر حراست رہنماؤں کو بھی رہا کیا جا رہا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پانچ اگسٹ کو مرکزی حکومت نے آرٹیکل 370کو منسوخ کیا تھا۔
مرکزی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس فیصلے سے ریاست کے لوگوں کی حالت بہتر ہوگی اور ساتھ ہی مرکزی حکومت کی اسکیموں کا براہ راست فائدہ بھی حاصل ہوگا۔اس فیصلہ کے بعد حکومت نے بہت سے اقدامات کئے۔مثلاً سیکیوریٹی فورسز کی بڑی تعداد میں تعیناتی،موبائل فون اور انٹر نیٹ خدمات پر پابندی اور ریاستی رہنماؤں کو نظر بند کیا گیا۔
حکومت کا ماننا تھا کہ ریاستی رہنما ؤں کی بیان بازی صورتحال کو مزید خراب کر ے گی۔اور دہشت گرد انٹر نیٹ کا غلط استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست بھر کے اسکولوں اور کالجس بھی بند کر دئے گئے تھے۔مگر اب یہ خبر آئی ہے کہ مرکزی حکومت پیر سے پوسٹ پیڈ موبائل فون خدمات کو پھر سے بحال کرے گی۔