کولکاتہ ۔گائے کے نام پر انسانوں کی جان لینے کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تازہ ترین واقعہ میں دوافراد کو ہجوم نے مار مار کر موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔ مغربی بنگال کے کوچ بہار ضلع میں ہجومی تشدد کا دردناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ گائے چوری کے شک میں دو لوگوں کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ معاملہ گزشتہ رات میں پیش آیا ہے جب کوتوالی تھانہ کے تحت پٹی ماری کے پاس پھلیشوری علاقہ میں لوگوں کی بھیڑ نے دو افراد پر قاتلانہ حملہ کر دیا۔ پولس کے مطابق مہلوکین کی شناخت پرکاش داس اور بابلہ مترا کی شکل میں ہوئی ہے۔ دونوں ہی ماتھا بھانگا علاقے کے رہنے والے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ پرکاش داس اور بابلہ مترا پِک اَپ وین میں مویشی لے کر جا رہے تھے۔ اسی دوران پھلیشوری کے پاس انھیں روک کر کچھ لوگ پوچھ تاچھ کرنے لگے۔ دونوں پر گائے چوری کا الزام لگاتے ہوئے ان کی پٹائی شروع کر دی۔ اس دوران موقع پر کافی بھیڑ جمع ہو گئی۔ ہجوم نے بھی دونوں کو پیٹنا شروع کر دیا۔ ہجوم نے اتنا پیٹا کہ دونوں کی موت ہو گئی۔ خبر ملنے کے بعد پولس موقع پر پہنچی اور دونوں کو بھیڑ کے چنگل سے چھڑایا۔ پولس پرکاش اور بابلہ کو ضلع اسپتال لے کر گئی جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔
ایس پی سنتوش نمبلکر نے کہا کہ اس معاملے میںمقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ دونوں کو گائے چور سمجھ کر ہجوم نے پیٹنا شروع کر دیا۔ ہجوم کی پٹائی سے دونوں لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ پولس نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔