قاہرہ ۔ دنیا بھر میں طلاق کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کے سدباب کےلئے سخت سے سخت قانون بھی بنائے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود آئے دن طلاق کے ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں جس نے سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ بیوی حق پر تھی یا شوہر کا فیصلہ درست تھا۔ ایسا ہی ایک واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں دلہے نے ماں سے بہتر سلوک نہ کرنے پر دلہن کو باراتیوں کے سامنے ہی طلاق دے دی۔
مصر میں ایک شہری شادی کی تقریب میں تصویر کشی کے دوران دلہن کو طلاق دے کر بارات واپس لے گیا۔ رپورٹ کے مطابق نواحی علاقے میں نوجوان دلہا نے 28 سالہ دلہن کو یہ کہہ کر باراتیوں کے سامنے طلاق دے دی کہ تم نے میری ماں کو زبان چڑائی ہے۔ دلہا اپنی بارات واپس لے گیا جب کہ دلہن کی والدہ کی حالت غیر ہو گئی۔
مصری دلہن نے البیان اخبار کے نمائندے سے کہا کہ کہ شوہر نے میرا موقف جانے بغیر ہی مجھے طلاق دے دی، میں ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہوں لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہو رہا۔دوسری جانب دلہا نے موقف اختیار کیا کہ ماں سے بدتمیزی کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، میں نے طلاق دے دی ہے اور اب وہ محض مہر کی رقم کیلئے مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کیلئے اسے عدالت کے دھکے کھانے پڑیں گے۔دلہا کی جانب سے دوٹوک جواب ملنے پر دلہن نے بھی عدالت میں مقدمہ دائرکر دیا جس میں موقف اختیارکیا گیا کہ یہ انسان زندگی گزارنے کے لائق نہیں۔ ابھی تک عدالت نے مقدمے کی سماعت کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی۔