Thursday, April 24, 2025
Homeتازہ ترین خبریںفڈ نویس، اجیت پوار،اور دیگر ارکان اسمبلی نے حلف لیا

فڈ نویس، اجیت پوار،اور دیگر ارکان اسمبلی نے حلف لیا

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی: مہاراشٹرا کے نو منتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کی تقریب چہار شنبہ کو ودھان بھون میں پروٹیم اسپیکر کالیداس ایم کولمبکر کی حلف برداری کے ساتھ ہی شروع ہوئی۔تمام ارکان اسمبلی،جن میں سے کئی ایک پہلی بار رکن اسمبلی بنے ہیں،صبح سویرے ٹریفک سے بچنے کے لئے شہر کے کاروباری مراکز میں سے ایک نریمن پوائنٹ پر پہنچنا شروع ہوگئے۔

مقننہ کے اندر،سب سے پہلے جن ارکان اسمبلی نے حلف لیا،وہ سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈ نویس،سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار،پانچ بار کے رکن اسمبلی اے دلیپ والسے پاٹل اور بی جے پی کے رکن اور سابق کابینی وزیر ہری بابو باگڑے تھے۔اس دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ّ(این سی پی) کے باغی ارکان بھی حلف لینے پہنچے۔این سی پی کے سربراہ شرد پوار کی بیٹی اور رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے،اجیت پوار سے گلے ملیں اور پیر چھو کر آشیرواد لیا۔

مذ کورہ حلف برداری تقریب کو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا،یہ حلف برداری تقریب شام تک مکمل ہونے کی امید ہے۔پچھلے ایک ماہ سے جاری سیاسی تناؤ اور سیاسی انتشار کے بر عکس ودھان بھون کے اندر اور باہر دوستانہ ماحول تھا۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار ادھو ٹھاکرے اپنی پارٹی کے رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے بات چیت کرنے کے لئے جنوبی ممبئی جائیں گے۔

ٹھاکرے،جو مقننہ کے دونوں ایوانوں کے ممبر نہیں ہیں۔گورنر بی ایس کوشیاری کے ذریعہ جمعرات کو شام6.40بجے شیواجی پارک میں منعقدہ ایک تقریب میں نئے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔