Tuesday, June 10, 2025
Homeاسپورٹسڈکار ریالی ، سعودی عرب میں 5 جنوری کو ایک اور بڑے...

ڈکار ریالی ، سعودی عرب میں 5 جنوری کو ایک اور بڑے اسپورٹس ایونٹ کا آغاز

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض ۔ سعودی عربیہ رواں برس پہلی مرتبہ ڈکار ریالی کا انعقاد عمل میں لارہا ہے اور وہ عالمی سطح پر اپنی جو ساکھ بنانے کی کوشش میں مصروف ہے اس ضمن میں یہ ایک او ر ملٹی بلین ڈالرس کا اسپورٹس ایونٹ ہوگا۔ حالیہ دونوں میں سعودی عرب نے مختلف شعبہ جات میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں جس کے ساتھ ہی اس نے کھیل کے شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری کرتے ہوئے عالمی سطح پر خود کو منوانے کی کوشش کی ہے جبکہ اس کے پڑوسی ممالک متحدہ عرب امارات اور قطر کو مختلف کھیلوں میں عالمی سطح کی شہرت حاصل ہے۔

دریں اثناءسعودی عرب ڈکار ریالی کے ذریعہ خود کو اسپورٹس کے شعبہ میں اور خاص کرکے خلیجی ممالک کے درمیان اپنی حکمرانی ثابت کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ 2019ءمیں سعودی عربیہ نے پہلی مرتبہ ہیوی ویٹ باکسنگ مقابلہ بھی منعقد کیا تھا جو کہ جوشوا اور اینڈی روئیز کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ علاوہ ازیں فارمولا ای موٹر ریس بھی گذشتہ سال سعودی عرب میں منعقد ہونے والا ایک بڑا ایونٹ رہا جبکہ ٹینس کا نمائشی ٹورنمنٹ بھی سعودی کے نئے ابواب میں ایک اضافہ رہا۔

 ڈسمبر میں کرسٹیانو رونالڈو بھی سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔ یاد رہے کہ ایشیا میں پہلی مرتبہ ڈکار کارریلی 5 جنوری کو سعودی عرب میں شروع ہوگی جس میں 62 ملکوں کے 550 سے زیادہ ریس ڈرائیور شرکت کریں گے۔ اسپورٹس جنرل اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی کے مطابق ڈکار ریلی 2020 بارہ مرحلوں پر مشتمل ہوگی۔

 سعودی صحراکا 7500 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا جا ئے گا۔ اس موقع پر سعودی موٹر اور موٹر سائیکلوں کی آرگنائزیشن کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان الفیصل بھی موجود رہیں گے۔گزشتہ ماہ شہزادہ خالد الفیصل نے نیوز کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ سعودی ڈکار ریلی سے متعلق بین الاقوامی اشتہاری مہم کی وڈیو دنیا کے اہم شہروں پیرس، میلان اور میڈرڈ میں دکھائی جائے گی۔ نیویارک، لندن اور برج خلیفہ جیسے مشہور عالمی مقامات پر بھی وڈیو دکھانے کا اہتمام کیا جا ئے گا۔

 ریلی کے پہلے مرحلے کا آغاز جدہ سے ہوگا جو کہ ملک کے مختلف علاقوں سے گزرے گی۔ ربع الخالی سے گزرتے ہوئے ریلی کی آخری منزل القدیہ ہوگی۔ ریلی میں شامل ڈرائیور ریت اورکنکریوں کے 676 کلو میٹر طویل علاقے سے گزریں گے۔ نیوم سے العلا تک کا سفر بہت مشکل ہو گا۔ القدیہ میں سعودی ڈکار ریلی 2020 کی اختتامی تقریب منعقد ہو گی۔ ڈکارکار ریلی 5 جنوری 2020 کو شروع ہوکر 13 دنوں تک جاری رہنے کے بعد 17جنوری کو اختتام پذیر ہوگی۔