جوہانسبرگ ۔ سبکدوش ہوچکے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ولیرس کو ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ٹیم میں شامل کرنے سے قبل انہیں خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ٹیم کے ہیڈکوچ مارک باوچر نے کیا ہے۔ گذشتہ ڈسمبر میں جنوبی افریقی ٹیم کے ہیڈکوچ کا عہدہ سنبھالتے ہی باوچر نے کہا تھا کہ وہ چند ان کھلاڑیوں کو ٹیم میں دوبارہ واپس لانے کی کوشش کریں گے جنہوں نے حالیہ دنوں میں سبکدوشی اختیار کی ہے جن میں خاص کر ورلڈ کپ کیلئے اے بی ڈی ولیرس کا نام سب سے اوپر ہے۔
آسٹریلیا میں آئی سی سی کا ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ رواں برس اکٹوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا جس کیلئے اے بی ڈی ولیرس کی افریقی ٹیم میں واپسی کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ باوچر نے کہا کہ ڈی ولیرس نے میڈیا اور عوام میں واپسی کے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے لیکن انہوں نے مجھ سے دوبدو اظہارخیال نہیں کیا ہے۔ باوچر نے واضح کیا ہیکہ میری ان سے گفتگو ہوئی ہے اور ہم عنقریب ڈی ولیرس کے ساتھ کئے جانے والے فیصلہ پر حتمی بیان واضح کریں گے۔ باچرنے انگلینڈ کے خلاف تین مقابلوں کی ٹی 20سیریز میں میزبان ٹیم کی 2-1 کی شکست کے بعد اظہارخیال کیا اور کہا کہ میں نے عہدہ سنبھالنے کے پہلے دن سے کہا ہیکہ ورلڈ کپ کیلئے بہترین ٹیم منتخب کریں گے۔