نئی دہلی ۔ ہندوستان میں اس وقت شہریت ترمیمی قانون اور اس کے خلاف شاہین باغ میں خواتین کا طویل وقت سے جاری احتجاج اہم موضوع بنے ہوئے ہیں اور اب شاہین باغ سے تین لاشوں کی دستیابی نے عوام تجسس پیدا کردیا ہے۔گزشتہ رات (6 مارچ) کو دہلی کے شاہین باغ علاقے میں تین مختلف مقامات سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ تینوں معاملات کی تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق فی الحال ان تینوں واقعات میں کوئی مشکوک چیز نظر نہیں آئی ہے۔ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ ضلعی ڈپٹی کمشنر پولیس آر پی مینا نے یہ اطلاع میڈیا کو دی۔ انہوں نے کہا رات 12 بجکر 25 منٹ پر لاش ملنے کا پہلا معاملے کا علم ہوا ۔
متوفی کی عمر تقریبا 35 سال ہے۔ یہ لاش دریائے یمنا کے کنارے پر تیرتی ہوئی ملی ہے۔ تفتیش کے بعد لاش کی شناخت مدن تھاپا ولد منویر تھاپا ، ساکن اشوک نگر دہلی کے طور پر ہوئی ہے۔ نعش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مدن تھاپا کی گمشدگی 3 فروری 2020 کو ہری نگر پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی۔ جسم پر کسی قسم کے چوٹ کے نشان نہیں ملے ہیں۔
دوسری واقعہ میں ، ساڑھے تین بجے کے قریب ایک لاش ملی۔ متوفی کی متوقع عمر 40 سال ہے۔ جمعہ کے آخر تک لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔ لاش کو شناخت اور پھر پوسٹ مارٹم کے لئے پوسٹ مارٹم ہاؤس میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ شاہین باغ ایف بلاک میں نعش مدر ڈیری کے پیچھے نالے کے قریب سے ملی ہے۔ اس علاقے میں ایک اور لاش بھی ملی ہے۔ ریلوے پولیس اس تیسری لاش کی تفتیش کررہی ہے۔