Tuesday, April 22, 2025
Homeٹرینڈنگامریکہ نے کورونا وائرس کی دوا تیار کرلی

امریکہ نے کورونا وائرس کی دوا تیار کرلی

چوہوں پر آزمائش کامیاب، نئی ویکسین کا نام پٹ گوویک رکھا گیا

- Advertisement -
- Advertisement -

نیویارک ۔کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت دنیا بھر کے عوام پریشان ہے اور اس وائرس کی وجہ سےلاکھوں لوگ متاثر اور ہزاروں کی تعداد میں مریض دم توڑ رہے ہیں اور ہرکوئی ان ممالک کی طرف امید کی نظروں سے دیکھ رہاہے کہ کب کون اس بات کا اعلان کرجائے کہ اس نے اس وبائی اور مہلک مرض کی دوا تیار کرلی ہے۔

کورونا وائرس کے انفیکشن سے لڑنے کے لیے دوا اور ویکسین تیار کرنے کے لیے کئی ممالک کے سائنسداں اور ڈاکٹرس لگاتار کوششیں کر رہے ہیں۔ اس درمیان امریکی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ایک ایسا ویکسین تیار کر لیا ہے جس سے کورونا وائرس کے انفیکشن کو مضبوطی کے ساتھ روکا جا سکے۔ یونیورسٹی آف پٹس برگ اسکول آف میڈیسن کے سائنسدانوں نے کہا ہے کہ باقی ممالک کے مقابلے میں انھوں نے بہت جلد کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اس یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے جو ویکسین تیار کی ہے اس کے لیے انھوں نے سارس (ایس اے آر ایس) اور مرس (ایم ای آر ایس) کے کورونا وائرس کو بنیاد بنایا تھا۔ پٹس برگ اسکول آف میڈیسن کے اسو سی ایٹ پروفیسر آندریا گمبوٹو نے اس سلسلے میں کہا کہ یہ دونوں سارس اور مرس کے وائرس نئے والے کورونا وائرس یعنی کووڈ19 سے بہت حد تک یکسانیت رکھتے ہیں۔ اس سے ہمیں یہ سبق حاصل ہوا کہ ان تینوں کے اسپائک پروٹین (وائرس کی باہری سطح) کو توڑنا بے حد ضروری ہے تاکہ انسانوں کو اس وائرس سے آزادی مل سکے۔

پروفیسر آندریا گمبوٹو نے کہا ہے کہ ہم نے یہ پتہ کر لیا ہے کہ وائرس کو کس طرح مارنا ہے، اسے کس طرح شکست دینا ہے۔ ہم نے اپنی ویکسین کو چوہے پر آزما کر بھی دیکھ لیا ہے اور اس کے نتائج انتہائی خوش انگیز ثابت ہوئے۔ آندریا  نے مزید کہا ہےکہ تیار کردہ ویکسین کا نام ہم نے پٹ گو ویک رکھا ہے۔ اس ویکسین کے اثر کی وجہ سے چوہے کے جسم میں ایسے اینٹی باڈیز پیدا ہو گئے جو کورونا وائرس کو روکنے میں کارگر ہیں۔ آندریا نے مزید کہا ہے کہ کووڈ-19 کو روکنے کے لیے جتنے اینٹی باڈیز کی ضرورت جسم میں چاہیے، اتنی پٹ گو ویک ویکسین پوری کر رہا ہے۔ ہم بہت جلد اس کا تجربہ انسانوں پر شروع کریں گے۔