کویت سٹی: کویت کے محکمہ شہری ہوابازی نے کمرشل پروازوں کی بحالی کے جامع پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ یکم اگست 2020 سے کویت انٹرنیشنل ایرپورٹ کمرشل پروازوں کے لیے جزوی طور پر کھول دیا جائے گا جبکہ مکمل فضائی خدمات اگست 2021 سے قبل ممکن نہیں ہوگا۔
میڈیا کے مطابق کویت نے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے 13 مارچ سے کویت انٹرنیشنل ایرپورٹ کے لیے اور اس سے پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی تھی۔کویتی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پروازوں کی بحالی تین مراحل میں ہوگی۔ پہلا مرحلہ 6 ماہ پرمشتمل ہوگا۔ شروعات یکم اگست سے ہوگی۔ اس دوران ایرپورٹ زیادہ سے زیادہ 30 فیصد سے کارگرد ہوگا۔
ایرپورٹ سے روزانہ زیادہ سے زیادہ دس ہزار افراد سفر کرسکیں گے۔ پروازوں کی یومیہ تعداد زیادہ سے زیادہ100 ہوگی۔دوسرا مرحلہ بھی چھ ماہ پرمشتمل ہوگا۔ اس کی شروعات یکم فروری2021 سے ہوگی۔اس دوران ایرپورٹ زیادہ سے زیادہ 60 فیصد تک موثر ہوگا۔ ہر روز 20 ہزارافراد سفر کرسکیں گے جبکہ یومیہ 200 پروازوں کی اجازت ہوگی۔تیسرا مرحلہ یکم اگست 2021 کو شروع ہوگا۔ اس تاریخ سے کویت انٹرنیشنل ایرپورٹ مکمل خدمات فراہم کرنے کے موقف میں ہوگا۔ ہر روز 30 ہزار سے زیادہ افراد سفر کرسکیں گے جبکہ پروازوں کی انتہائی تعداد یومیہ 300 تک ہوجائے گی۔