امراوتی: آندھراپردیش کے گورنر وشوابھوشن ہری چندن نے ہدایت دی ہے کہ نماگڈہ رمیش کو ان کے پرانے عہدہ یعنی ریاستی الکشن کمشنر کے طورپر برقرار رکھاجائے۔انہوں نے اس سلسلہ میں چیف سکریٹری کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ ہائی کورٹ کی جانب سے اس خصوص میں دیئے گئے احکام پر عمل کرے۔
اے پی حکومت نے قبل ازیں سرکاری احکام جاری کرتے ہوئے ان کو اس عہدہ سے ہٹادیاتھا تاہم عدالت نے حکومت کے فیصلہ کے برعکس ہدایت دی کہ ان کو قبل ازیں ان کے عہدہ پر برقرار رکھاجائے۔حکومت نے اس سلسلہ میں ہائی کورٹ کی جانب سے دیئے گئے فیصلہ کو عدالت عظمی میں چیلنج کیا اور اس پر روک لگانے کی خواہش کی تھی۔نماگڈہ نے گذشتہ روز گورنرسے ملاقات کی تھی اور ان سے خواہش کی تھی کہ ان کو ان کے پرانے عہدہ پر برقرار رکھنے کے لئے حکومت کو ہدایت دے جس پر گورنر نے اس ہدایت کے ساتھ یہ مکتوب آج حکومت کو لکھا ہے۔