حیدرآباد: بھائی اور بہن کے اٹوٹ بندھن کی علامت رکشھا بندھن (راکھی) کا تہوار دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں نہایت ہی جوش وخروش کے ساتھ منایاگیا۔اس موقع پر ہر طرف پُرجوش مناظر دیکھے گئے کیونکہ بہنوں نے اپنے بھائیوں کو الگ الگ قسم اور سائزوں کی راکھی باندھی، ان کو مٹھائی کھلائی اور ان کی طویل عمر کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا جبکہ بھائیوں نے راکھی باندھنے والی بہنوں کو تحائف پیش کئے۔
اسی دوران تلنگانہ کی گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن نے ریاست کے عوام کو راکھی کے تہوار کی مبارکباد پیش کی۔اپنے پیام میں گورنر نے کہا کہ یہ تہوار بھائیوں اور بہنوں کے اٹوٹ بندھن کی علامت ہے۔انہوں نے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محبت کا بندھن تمام بھائیوں اوربہنوں کی زندگیوں کو جوڑے گا اور یہ مضبوط اتحاد کی ایک بہتر علامت ہے۔اس مرتبہ کوویڈ19کا اثراس تہوار پر پڑا کیونکہ پرانا شہر حیدرآباد میں راکھی کی فروخت میں کمی واقع ہوئی۔تاجروں کا کہنا ہے کہ کوویڈ19کا اثر زندگی کے تمام شعبہ جات پر پڑا اور ان کے کاروبار پر بھی یہ اثر دیکھا گیا۔