ترچی: کانگریس کے رکن پارلیمان ایچ وسنت کمار کے انتقال پر انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادر محی الدین نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موت کی خبر سن کر انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ کمری آنندن کے چھوٹے بھائی کنیا کماری پارلیمانی حلقے کے رکن ایچ وسنت کمار تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کے ایک سرکردہ رہنما تھے اور وہ ہمیشہ عوام کی خدمت کو مقدم رکھتے تھے۔
رکن پارلیمان ایچ وسنت کمار وہ کانگریس کے اصولوں پر آخری دم تک قائم رہے اور تمام برادریوں خصوصا اقلیتوں کے ساتھ ان کے نہایت ہی دوستانہ تعلقات تھے۔ وسنت کمار کنیا کماری حلقے سے دو مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور اب اسی حلقے سے ممبر پارلیمان تھے۔ تمل ناڈو کی سب سے بڑی تجارتی کمپنی وسنت اینڈ کو کے مالک تھے اور انہوں نے اپنی زندگی میں کمزور اور غریبوں کی بہت ساری مدد کی تھی۔ ان کا انتقال تمل ناڈو کے عوام کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصا ن ہے۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادر محی الدین نے اپنے پیغام میں ان کے اہل خانہ اور کانگریس پارٹی سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔