Sunday, June 15, 2025
Homesliderڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے 111 مقامات کی فہرست جاری

ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے 111 مقامات کی فہرست جاری

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ کانگریس کے خلاف اپنی  تنقید جاری رکھتے ہوئے ریاستی وزیر تالسانی سرینواس یادو نے گریٹر حیدرآباد کے علاقوں میں 111 مقامات کی فہرست جاری کی جہاں ریاستی حکومت نے غریبوں کے لئے ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس رہنماؤں کو چیلنج کیا ہے کہ وہ تمام مقامات کا دورہ کریں اور ریاستی حکومت کے خلاف کوئی اور الزام لگانے سے پہلے خود سے جاری کاموں کا معائنہ کریں۔

یہاں اسمبلی احاطے میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں غریبوں کے لئے ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات مختص کرنے کے اپنے وعدے سے ریاستی حکومت کا  پیچھے ہٹنے کا کوئی سوال نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت شہر میں زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے گریٹر حیدرآباد کے باہر کچھ ہاؤسنگ منصوبے تعمیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ریاستی حکومت اہل افراد کو ان کی اپنی زمین پر مکانات تعمیر کرنے کے لئے ضروری مالی مدد فراہم کرے گی۔

سری نواس یادو نے کہا ہے  کہ متحدہ  آندھرا پردیش میں کانگریس حکومت سمیت دیگر حکومتوں نے بھی شہریوں کے لئے شہر کی باہر منصوبے شروع کئے تھے جس کی وجہ شہر میں اراضیات کی عدم دستیابی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ 2007-2014 کے دوران جواہر لال نہرو قومی شہری تجدید مشن کے تحت 91 مقامات پر تقریبا45951 مکانات تعمیر کیے گئے تھے جن میں کانگریس حکومت نے جی ایچ ایم سی کی حدود سے باہر تقریبا 33558مکانات تعمیر کیے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کانگریس لیڈرز ہمیں شہر میں زمین کی نشاندہی کریں تو ہم ہم ان منصوبوں کو شہر میں ہی پائے تکمیل کو پہنچانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مقامات جہاں ڈیجینٹی ہاؤسنگ منصوبے لگائے گئے ہیں وہ کروڑوں روپے مالیت کی بنیادی اراضی ہیں۔ گریٹر حیدرآباد سے مستفید ہونے والوں کو 90 فیصد یونٹ دیئے جائیں گے اور بقیہ 10 فیصد یونٹ مقامی مستحقین کو مختص کیے جائیں گے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جلد ہی ضروری رہنما خطوط جاری کردیئے جائیں گے۔

سری نواس یادو نے کانگریس فلور کے رہنما مالو بھٹی وکرمارکا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وعدے سے نہیں بھاگے ہیں ۔  دوسری جانب  کانگریس کے رہنما اپنے سیاسی مفادات  کے لئے اس مسئلے کو روزانہ کے سیریل کی طرح بڑھانا چاہتے ہیں لیکن میں اپنا وقت ضائع کرنے کے لئے تیار نہیں ہوں اس لئے ان 111 مقامات کی فہرست اپنے پاس سے  ان منصوبوں کی پیشرفت کی تصدیق کرنے کے لئے سی ایل پی رہنما کو بھیج رہا ہوں۔

ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر مکمل کرنے میں تاخیر پر وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر  کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ یہ ایک مستقل عمل ہے۔ کوویڈ ۔19 وبائی امراض نے جاری تعمیراتی کاموں کو کسی حد تک متاثر کیا ہے۔ 111 مقامات میں سے  ہم نے پہلے ہی پانچ مقامات پر 632 مکانات کو مکمل کیا ہے اور اب وہ مستحقین کے حوالے کردیئے ہیں۔