Wednesday, April 23, 2025
Homesliderحیدرآباد کی راجستھان کے خلاف بقاء کی جنگ

حیدرآباد کی راجستھان کے خلاف بقاء کی جنگ

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی: فیصلہ کن مرحلے پر راجستھان رائلز اور سن رائزرس حیدرآباد جمعرات کو آئی پی ایل کے پلے آف میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھنے کے ارادے سے میچ میں اتریں گے ۔راجستھان 10 میچوں میں چار فتوحات ، چھ ناکامیوں اور آٹھ نشانات کے ساتھ چھٹے مقام پر ہے جبکہ حیدرآباد نو میچوں میں تین فتوحات اور چھ ناکامیوں سے چھ نشانات کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے ۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لئے اہم ہے اور فاتح ٹیم کو پلے آف توقعات برقرار رکھنے میں مدد ملے گی ہے ۔ شکست برداشت کرنے والی ٹیم کے لئے آگے کا سفر مشکل ہوجائے گا۔

دونوں ٹیموں نے اب تک اتار چڑھاؤکا مظاہرہ کیا ہے اور کچھ قریبی میچ گنوائے ہیں۔ یہاں سے دونوں ٹیموں کے لئے ہر میچ جیتنا ضروری ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں 14 نشانات تک بھی پہنچ جاتی ہیں تو پھر انہیں اپنے نیٹ رن ریٹ کو بھی دیکھنا ہوگا۔ اگر تین ٹیمیں 14 نشانات کے ساتھ چوتھے مقام پر رہیں تو صرف بہتر رن ریٹ کے ساتھ ٹیم پلے آف میں پہنچ سکتی ہیں۔

راجستھان کا اس میچ کے لئے حوصلے بلند رہے گا کیونکہ انہوں نے اپنے سابق میچ میں چینائی سوپرکنگز کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دی ہے ۔ راجستھان نے اپنے اسپنرزکی عمدہ کارکردگی کے سبب چینائی کو پانچ وکٹ پر 125 کے معمولی اسکور پر روکنے کے بعد 17.3 اوور میں تین وکٹ پر126 رن بنائے تھے ۔ جوزبٹلر نے صرف 48 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70 رنز بنائے اور ٹیم کو آسان کامیابی دلائی۔

راجستھان کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے اس کامیابی کے لئے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ راہول تیوتیا اور شریس گوپال ٹیم کے لئے بہت اچھے رہے ہیں۔ جوس بٹلر نے مجھ سے دباؤ ہٹایا اور اسی طرح بیٹنگ کی جس طرح وہ کرتے ہیں۔ بٹلر ہمیشہ اچھے اسٹرائک ریٹ پر بیٹنگ کرتے ہیں۔

دوسری جانب حیدرآباد اپنا آخری میچ ابوظہبی میں ایک سوپر اوورمیں کولکتہ نائٹ رائیڈرزکےخلاف گنوا بیٹھا ہے ۔ کولکتہ کے پانچ وکٹ پر163 رنز تھے جبکہ حیدرآباد چھ وکٹوں پر 163 رنز بنانے میں کامیاب رہا تھا۔ حیدرآباد سوپر اوور میں برقرار نہ رہ سکا اور صرف دو رنز بناسکا۔ کولکتہ نے چارگیندوں پر تین رن بنا کر میچ جیت لیا۔ حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر شکست سے مایوس ہوئے تھے ۔ اس آئی پی ایل میں دونوں ٹیموں کا 11 اکتوبر کو دبئی میں میچ کھیلا گیا تھا جس میں راجستھان نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ حیدرآباد نے چار وکٹ پر 158 رن بنائے تھے جبکہ راجستھان نے19.5 اوور میں پانچ وکٹ پر163 رنز بنا کر میچ جیت لیا تھا۔ دونوں ٹیمیں ایک بار پھر دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی اور پلے آف میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لئے بے تاب نظر آئیں گی۔