Monday, June 9, 2025
Homesliderکولکتہ کے خلاف دہلی پلے آف میں رسائی کےلئے کوشاں

کولکتہ کے خلاف دہلی پلے آف میں رسائی کےلئے کوشاں

- Advertisement -
- Advertisement -

ابوظبی: گزشتہ مقابلے میں ہوئی شکست سے باہر نکل کر دہلی کیپیٹلز ٹیم ہفتہ کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کےخلاف میچ میں آئی پی ایل کے پلے آف میں جگہ بنانے کے مقصد سے اترے گی جبکہ کولکتہ کی ٹیم واپسی کی توقعات کو برقرار رکھنا چاہے گی۔دہلی10 میچوں میں سات فتوحات ، تین شکست اور14 نشانات کے ساتھ جدول میں سرفہرست ہے ۔ ایک کامیابی دہلی کو پلے آف میں لے جائے گی اور دہلی اس کے بعد پہلے دو مقامات میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی۔ تاہم دہلی کو پچھلے میچ میں ناقص بیٹنگ کی وجہ سے کنگز الیون پنجاب کے خلاف پانچ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دہلی کو اس شکست سے واپسی کرنا ہوگی۔

دوسری طرف کولکاتہ 10 میچوں میں پانچ فتوحات ، پانچ شکست اور10 نشانات کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ کولکاتہ کو پلے آف کو یقینی بنانے کے لئے باقی چار میں سے تین میچ جیتنے کی ضرورت ہے ۔کولکاتہ نے اپنے آخری میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف بیٹنگ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم 20 اوور میں84 رنز ڈھیر ہوگئی تھی جو اس آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے ۔ اگرکولکتہ کو دہلی کے سامنے کوئی چیلینج پیش کرنے کی ضرورت ہے تو اسے اپنی بیٹنگ میں بہتری لانی ہوگی۔

کولکتہ کے کپتان ایان مورگن نے کہا کہ ہم اس میچ سے سبق سیکھیں گے اور اگلے میچ میں آگے بڑھیں گے ۔ ٹورنمنٹ کی نوعیت کے پیش نظر آپ کو ہر ٹیم کے خلاف اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔ امید ہے کہ سنیل نارائن اور آندرے رسل جلد ہی دستیاب ہوجائیں گے اور ہم جانتے ہیں کہ جب اس معیار کے لوگ اور خاص طور پر آل راؤنڈر دستیاب ہوں گے تو معاملات مختلف ہوں گے ۔ امید ہے کہ وہ جلد ہی دستیاب ہوجائیں گے ۔

دہلی کیپٹلز کے فاسٹ بولر اور آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کیگیسو ربادا نے کہا کہ کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں شکست کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ ربادا نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ یہ تشویش کی بات ہے ۔ ہم صرف ایک ہی میچ ہارے ہیں اور یہ ہوتا رہتا ہے ۔ گھبرانے اور زیادہ غم کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہمیں یہ اندازہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے کہاں غلطی کی ہے اور ہم پہلے ہی یہ کام کر چکے ہیں۔ دہلی ابو ظہبی میں اپنے دونوں میچ گنوا چکی ہے اور ٹیم کو اس گراؤنڈ میں شکست کے سلسلے کو توڑنے کی ضرورت ہے ۔