Wednesday, April 23, 2025
Homesliderممبئی اور بنگلور میں پلے آف میں رسائی کےلئے رسہ کشی

ممبئی اور بنگلور میں پلے آف میں رسائی کےلئے رسہ کشی

- Advertisement -
- Advertisement -

ابوظہبی: ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرس بنگلورکا چہارشنبہ کو آئی پی ایل میں ایک زبردست مقابلہ متوقع ہے اور اس سے ایک پلے آف طے ہوجائے گا۔ممبئی اس وقت 11 مقابلوں میں سات فتوحات ، چار شکست اور 14 نشانات کے ساتھ آئی پی ایل کی ٹیموں میں سرفہرست ہے جبکہ بنگلور کی بھی یہی صورتحال ہے لیکن ممبئی پہلے اور بنگلور رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے مقام پر ہے ۔ ممبئی اور بنگلور کے مابین میچ میں جو بھی ٹیم کامیاب ہوتی ہے وہ 16 پوائنٹس پر پہنچ جائے گی اور پلے آف میں یقینی طور پر رسائی حاصل کرلے گی۔

ممبئی اور بنگلور اپنے پچھلے میچ گنوانے کے بعد اس میچ میں شرکت کررہے ہیں۔ ابوظہبی میں اتوار کو ممبئی کو راجستھان رائلز نے آٹھ وکٹوں اور دبئی میں بنگلورکو چینائی سوپر کنگز نے آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لئے بہت اہم ہے کیونکہ شکست کھانے والی ٹیم کو اپنے باقی دو میچوں میں سے ایک میں کامیابی کے لئے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ممبئی کے لئے کپتان روہت شرما کے زخمی ہونے سے پریشانی ہوسکتی ہے ۔ تاہم روہت کے زخم کے بارے میں اب بھی الجھن ہے ۔ روہت کی ٹیم ممبئی انڈینز نے اپنے کپتان کی پریکٹس کرنے کی ویڈیو جاری کی ہے جب کہ بی سی سی آئی نے روہت کو نومبر ، جنوری میں آئندہ آسٹریلیا کے دورے کے لئے ٹی ٹوئنٹی ، ونڈے اور ٹسٹ تینوں میں جگہ نہیں دی ہے ۔ روہت عضلات میں جکڑن کی وجہ سے اپنی ٹیم کے آخری دو میچوں سے محروم ہوئے جس میں ممبئی نے کیرون پولارڈ کی کپتانی میں چینائی کو10 وکٹوں سے شکست دی لیکن راجستھان سے آٹھ وکٹوں سے شکست کھائی ۔

ممبئی نے راجستھان کے خلاف 195 کا مضبوط اسکور بنایا لیکن راجستھان نے 18.2 اوور میں 196 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ دفاعی چمپیئن ممبئی کو یہ میچ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں بنگلور کی ٹیم کے خلاف جیتنا ہوگا۔ بنگلور بلاشبہ پچھلا میچ گنوایا ہے لیکن یہ ٹیم اس سیزن میں زبردست فارم میں نظر آرہی ہے ۔ پچھلے میچ میں بنگلور نے 145 رنز بنائے تھے جبکہ چینائی نے 150 رنز بنا کر میچ جیت لیا تھا۔ کوہلی نے میچ کے بعد کہا کہ ٹورنمنٹ میں تمام ٹیموں کے اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور دیکھنا یہ ہے کہ میچ کے دن کون بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہے ۔ بنگلور ٹیم بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہم اگلے کھیل میں ضرور واپس آئیں گے ۔

دونوں ٹیموں کا 28 ستمبر کو میچ ہوا تھا اور اس میچ میں دونوں ٹیموں نے201 رنزبنائے تھے ۔ اس کے بعد بنگلور نے سوپر اوور میں میچ جیتا۔ اے بی ڈویلیئرز نے55 رنز بنائے تھے اورسوپر اوور میں بھی ٹیم کو جتایا تھا۔ ابوظہبی میں دونوں ٹیموں کے مابین یہ میچ یقینی طور پر دلچسپ ہوگا اور دونوں ٹیمیں پلے آف میں جگہ یقینی بنانے کے لئے اتریں گی۔