دبئی: ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ چھٹی مرتبہ یکطرفہ انداز میں آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر میں دہلی کیپٹلزکو57 رنز سے شکست دینے کے بعد ٹیم نے اس میچ میں اپنی سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
دفاعی چمپئن اور چار مرتبہ کی فاتح ممبئی نے پہلے کوالیفائر میں مقررہ20 اوورس میں پانچ وکٹ پر200 رنز بنائے اور دہلی کو 20 اوورس میں آٹھ وکٹ پر143 تک محدود رکھا ۔ ممبئی نے اس طرح چھٹی مرتبہ فائنل میں جگہ بنالی۔ ممبئی نے اس سے قبل 2010 ، 2013 ، 2015 ،2017 اور2019 میں فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
دہلی کے لئے اس شکست کے بعد پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے کی امید ابھی ختم نہیں ہوئی ہے ۔ دہلی کا مقابلہ8 نومبرکو ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں سن رائزرس حیدرآباد اور رائل چیلنجرس بنگلور کے مابین ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم سے ہوگا اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم 10 نومبرکو فائنل میں ممبئی سے مقابلہ کرے گی۔
روہت شرما نے میچ کے بعد کہا کہ میرے خیال میں یہ بہترین کارکردگی تھی۔ میرے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور سوریا کمار یادو نے شاندار بیٹنگ کی۔ نتیجہ ہمارے لئے بہت اچھا رہا۔ ہمارا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ ہم ایک مختلف ٹیم ہیں اور ہم مختلف انداز میں کھیلتے ہیں۔ ہم چاہتے تھے کہ ٹیم پاور پلے میں بہت عمدہ مظاہرہ دے کر میچ ان کے حق میں کرے ۔
انہوں نے کہا کہ ایشان کشن بہت اچھی فارم میں ہیں اور ہم چاہتے تھے کہ وہ مثبت کھیلیں۔ ہم نے کرونال سے کہا کہ وہ مثبت بیٹنگ کریں اور بولروںکو دباؤ میں رکھیں۔ بمراہ اور بولٹ بہت عمدہ فارم میں ہیں۔ دونوں نے مختلف ٹیموں کے خلاف کھیلا ہے ، اس لئے ان کے مختلف منصوبے ہیں۔ ایک ٹیم کی حیثیت سے ہمارے پاس مختلف منصوبے ہیں اور انہیں کامیابی میں دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے ۔