سڈنی ۔ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی تنہا کوشش اور نصف سنچری کے باوجود میزبان ٹیم نے تیسرے ٹی 20 میں 12 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 3-0 سے باز رکھا جبکہ ابتدائی دو مقابلوں میں فتوحات کے ذریعہ ہندوستان نے تین مقابلوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔ آسٹریلیا کےلئے اپنے پہلے ہی مقابلے میں شاندار بولنگ کرنے والے میچل سمپسن کو مقابلہ اور ہاردک پانڈیا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ سمپسن نے 4 اوورس میں 23 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ہندوستان کے لئے کوہلی نے 61 گیندوں میں 4 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دھون 28 اور پانڈیا 20 رنز کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین قابل ذکر مظاہرہ نہ کرسکا۔
قبل ازیں میزبان اوپنر میتھیوویڈ(80) اورآل راونڈر گلین میکسویل(54) کی شاندارنصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف تیسرے اورآخری ٹی20 میں مقررہ20 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر186 رنوں کا چیلنجنگ اسکوربنالیا ہے ۔ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقابلے میں مستقل کپتان آرون فنچ آخری الیون میں واپس آئے اور کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی لیکن ان کی واپسی خوشگوارنہیں رہی اور وہ کوئی رن بنائے بغیر ہی واشنگٹن سندرکی گیندپر ہاردک پانڈیا کو کیچ تھما بیٹھے ۔پچھلے میچ میں کپتانی سنبھالنے والے ویڈ نے لگاتاردوسرے میچ میں نصف سنچری اسکورکی۔ ویڈ نے 53 گیندوں پر80 رنز کی شانداراننگز میں سات چوکے اور دوچھکے لگائے ۔ ویڈ نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لئے65 رنوں کی شراکت داری کی۔ اسمتھ نے 23 گیندوں پر24 رنز بنائے جس میں ایک چوکا شامل ہے ۔ اسمتھ کو سندرنے بولڈکیا۔ویڈ نے پھر میکسویل کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے106 رنوں کی شاندار شراکت داری کی۔ویڈ کو شاردل ٹھاکر نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ میکسویل اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد بائیں ہاتھ کےفاسٹ بولر ٹی نٹراجن کی گیند پر بولڈہوگئے ۔ڈی آرسی شارٹ سات رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ موئیسس ہئنرکس پانچ اور ڈینیل سیمس چاررن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔سندر نے 34 رنز دے کر دووکٹ جبکہ نٹراجن نے33 رن پرایک وکٹ لیا