چینائی : ہندوستان کے خلاف اپنے کیریئر کا ریکارڈ 100 واں ٹسٹ کھیلنے والے انگلش کپتان جیوروٹ نے آغاز کو اپنے لئے ایک یادگار لمحہ قرار دیا ہے۔ روٹ جنہوں نے 2012ءسیریز کے دوران ہندوستان کے خلاف ناگپور میں چوتھے ٹسٹ میں اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد اب وہ کل یہاں شروع ہونے والے چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں ٹیم کی قیادت کرنے کے ساتھ اپنے کیریئر کا 100 واں ٹسٹ کھیل رہے ہیں۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے روٹ نے کہا کہ یقینی طور پر جس وقت میں نے پہلی مرتبہ انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلش ٹیم کا لباس زیب تن کیا تھا ، وہ لمحہ میرے لئے یادگار ہے۔ وہ لمحہ یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہیکہ جب میں بیٹنگ کیلئے میدان میں پہنچ رہا تھا اس وقت کیون پیٹرسن دوسرے سرے پر موجود تھے اور جنہیں میں کم عمری سے ہی دیکھتے ہوئے اپنی کرکٹ کو فروغ دیا تھا۔ یہ لمحہ میرے لئے بچپن کا خواب مکمل ہونے کے مترادف تھا۔ روٹ نے پہلے ہی ٹسٹ میں 73 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں وہ 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سوئپ کے ذریعہ بڑے اسکور کےلئے کوشاں
انگلش کپتان جیوروٹ اور ہندوستانی اسپنرس خاص کر روی چندرن اشون کے درمیان چار ٹسٹ مقابلوں کے دوران دلچسپ اور مسابقتی مقابلہ متوقع ہے کیونکہ جہاں اشون ہندوستان کیلئے اہم اسپنر ہوں گے وہیں میزبان اسپنرس کے خلاف روٹ کا سوئیپ شاٹ توجہ کا مرکز ہوگا۔ انگلینڈ کے سابق کپتان گرائم گوچ کو ایشیائی اسپنرس کے خلاف سب سے بہترین سوئیپ کھیلنے والا کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے جس کے بعد اب کپتان جیوروٹ بھی اسپنرس کے خلاف سوئیپ شاٹ کیلئے شہرت رکھتے ہیں جس کا ثبوت انہوں نے سری لنکا کے خلاف منعقدہ دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں بھی دیا ہے جہاں انہوں نے پہلے ٹسٹ میں 228 اور دوسرے ٹسٹ میں رن آوٹ ہونے سے قبل 186 رنز کی اننگز کھیلی۔ اپنے اس خصوصی کھیل کے ضمن میں پہلے ٹسٹ سے قبل اظہارخیال کرتے ہوئے روٹ نے کہا کہ کس طرح انہوں نے اس مشکل شاٹ کو اپنا اصل ہتھیار بنایا ہے حالانکہ عصرحاضر کے دو اور بڑے کھلاڑی ویراٹ کوہلی اور اسٹیواسمتھ اس طرح کا شاٹ بڑی مشکل سے ہی کھیلتے ہیں۔ روٹ نے مزید کہا کہ سری لنکا کے دورہ پر سوئیپ شاٹ کھیلنا زیادہ جوکھم بھرا نہیں تھا کیونکہ وہاں کی وکٹیں گیند کو زیادہ اچھال فراہم نہیں کرتی۔ اشون کے خلاف سوئیپ شاٹ کے متعلق روٹ نے کہا کہ میں جارحانہ یا دفاعی حکمت عملی کے تحت نہیں بلکہ ہر گیند کے حساب سے یہ شاٹ کھیلنا چاہوں گا۔ میرے نام چند بڑے اسکور درج ہیں جبکہ ہندوستان کا ریکارڈ بھی اپنی سرزمین پر ناقابل فراموش ہے۔