Monday, June 9, 2025
Homesliderروٹ کی 100 ویں ٹسٹ میں ریکارڈ سنچری ، ہندوستانی بولر بے...

روٹ کی 100 ویں ٹسٹ میں ریکارڈ سنچری ، ہندوستانی بولر بے بس

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی۔ انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ روٹ نے یہ کارنامہ ہندوستان کے خلاف چینائی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں پہلے ٹسٹ کے پہلے دن جمعہ کے روز انجام دیا۔30 سالہ روٹ تاریخ میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے والے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ٹسٹ تاریخ کے 9 ویں بیٹسمین ہیں۔

 روٹ کے کیریر کی یہ20 ویں اور مسلسل تیسری سنچری ہے ۔ روٹ دنیا کے واحد ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی98 ویں ،99 ویں اور 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنائی ہے ۔ روٹ نے ہندوستان میں آنے سے پہلے سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں228 اور186 رنز بنائے ہیں ۔ اس میں اب انہوں نے ایک اور سنچری کا اضافہ کرلیا ہے ۔ روٹ نے اپنے ٹسٹ کیریز کا آغاز ہندوستان کی سرزمین سے کیا تھا۔ انہوں نے اپنا50 واں ٹسٹ اور100 ٹسٹ بھی ہندوستان میں کھیلا۔ ہندوستان کے خلاف ان کی یہ پانچویں سنچری ہے ۔روٹ نے ہندوستان کے ناگپور میں دسمبر 2012 میں کھیلے گئے اپنے پہلے ٹسٹ میں 73 اور ناٹ آوٹ 20 رنز بنائے تھے ۔ انہوں نے ہندوستان کے وشاکھاپٹنم میں نومبر2016 میں کھیلے گئے اپنے50 ویں ٹسٹ میں53 اور25 رنز بنائے تھے ۔ انہوں نے اب ہندوستان کے چینائی میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔

 عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر موجود روٹ اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے تیسرے اور دنیا کے نویں بیٹسمین بن گئے ہیں ۔ انگلینڈ کے کالن کاوڈرے نے1968 میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں 104 رنز، پاکستان کے جاوید میانداد نے1989 میں 145 ، ویسٹ انڈیز کے گارڈن گرینیز نے 1990 میں 149 ، انگلینڈ کے الیک اسٹیورٹ نے2000 میں 105 رنز، 2005 میں پاکستان کے انضمام الحق نے184 رنز ، آسٹریلیائی کے رکی پونٹنگ نے2006 میں 120 اور ناٹ آ ؤٹ 143 رنز ، جنوبی افریقہ کے گرائم اسمتھ نے2012 میں131رنز اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے 2017 میں134 رنز بنائے تھے ۔ روٹ کا نام ان خاص بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے ، جنہوں نے 100 ویں ٹیسٹ میں سنچری بنائی ہیں۔

یادرہے کہ چینائی ٹسٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دن کے اختتام پر اس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔روٹ 128 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ دن کےآخری اوور میں ڈوم سبلی 87 رنز بناکر چسپریت بمرا کے دوسرے شکار بنے ۔بمرا نے 40 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ روی چندرن اشون نے 68 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔