Wednesday, April 23, 2025
Homesliderکرن کی اننگز میں دھونی کی جھلک :بٹلر

کرن کی اننگز میں دھونی کی جھلک :بٹلر

- Advertisement -
- Advertisement -

پونے ۔ انگلش کرکٹ ٹیم  کے کارگذار کپتان جوز بٹلر نے سام کرن کی شاندار 95 رنز کی اننگز کے بعد اپنے کھلاڑی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹسمین مہندرسنگھ دھونی کی جھلک دیکھی ہے۔ ہندوستان کے خلاف گزشتہ روز سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں انگلینڈ جب کامیابی کے لئے 330 رنز کے نشانہ کا تعاقب کررہی تھی اس موقع پر مہمان ٹیم 168/6 کی نازک صورتحال سے پریشان تھی لیکن کرن نے 8 ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل تسخیر 95 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ایک موقع پر ہندوستان کے منہ سے کامیابی چھینے  کی کوشش بھی کرلی تھی۔ سام نے جوابی وار کرتے ہوئے ایک اےسی اننگز کھیلی جس نے ونڈے میں ان کی صلاحیتوں اور شبیہہ کو تبدیل کردیا ہے۔

اس اننگز کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے  انگلینڈ کے کار گزار کپتان  جوز بٹلر نے کہا کہ کرن نے ایک غیر معمولی اننگز کھیلی ہے جو مستقبل کے لئے ایک خوش آئند خبر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اور ہے کہ انگلینڈ کو اس مقابلے میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی لیکن اس اننگز نے کئی مثبت پہلوؤں کو دکھا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ کرن کی یہ اننگز ان کو ایک نئے آغاز کا موقع فراہم کرے گی اور خاص طور پر مہندر سنگھ دھونی سے جب وہ آئی پی ایل کے دوران ٹیم میں ملیں گے تو ان کے کھیل میں مزید نکھار آئے گا۔ بٹلر کے بموجب کرن کی اس اننگز نے دھونی کی یاد تازہ کردی ہے۔ علاوہ ازیں ہر گذرتے مقابلے کے ساتھ کرن کے مظاہروں میں بہتری ہی آرہی ہے۔ انگلش ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کئی کھلاڑیوں کو ساری زندگی اس طرح کے حالات کا سامنا کرنا نہیں پڑتا اور کرن کو کیرئر کے ابتداءمیں ہی ایسے حالات مل چکے ہیں جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔

 علاوہ ازیں ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں نے کرن کی اس اننگز کو کافی تجسس کے ساتھ دےکھا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کے حالات میں کرن تنہا مقابلے کو اپنی ٹیم کے حق میں کر سکتے ہیں۔ بولنگ آل راؤنڈر کرن نے نہ صرف اپنے کیرئر میں بہترین اننگز کھیلی بلکہ اس مقابلے کے دوران انہوں نے ہندوستانی ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہو رہے رشبھ پنت کو بھی اس وقت آؤٹ کیا جب وہ 62 گیندوں میں 78 رنز بناکر کھیل رہے تھے۔ انگلش کپتان نے کہا کہ کرن نے ظاہر کردیا ہےکہ وہ بولنگ ہو یا بیٹنگ دونوں مواقعوں پر ٹیم کے لئے کامیابی دلوانے والا مظاہرہ کرسکتے ہیں جیسا کہ انہوں نے بولنگ میں پنت کو پویلین کی راہ دکھائی۔

 ونڈے، ٹوئنٹی 20 یا ٹسٹ ہو ہر کرکٹ میں وہ بڑے کھلاڑیوں کی وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔ جس طرح کرن نے مظاہرہ کیا ہے اس پر تمام انگلش ٹیم کو فخر ہے اور آنے والے دنوں میں وہ ٹیم کے لئے ایک بہت بڑا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ یادر ہے کہ کرن اس وقت آئی پی ایل میں مہندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت چینائی سوپر کنگس کے رکن ہیں اور اس اننگز کے بعد انگلش آل راونڈر کو دھونی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا  موقع ملے گا ۔