نئی دہلی ۔ آئی پی ایل پر کورونا کے بادل منڈلانے لگے ہیں جیسا کہ ہندوستان کے سینئر آف اسپنر روی چندرن اشون کے علاوہ آسٹریلیا کے چند کھلاڑیوں اور عملہ میں شامل افراد نے رواں آئی پی ایل سے دستبرداری اختیار کرلی ہے لیکن اس کے باوجود بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ ٹورنمنٹ شیڈول کے مطابق آگے بڑھتا جائے گا۔ دہلی کیپٹلس سے تعلق رکھنے والے روی چندرن اشون نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف کھیلے گئے مقابلے کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ رواں آئی پی ایل سی دستبرداری اختیار کررہے ہیں کیونکہ اس وقت ان کا خاندار کورونا کے خلاف لڑائی میں مصروف ہے اور وہ اپنے خاندان کا تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ 34 سالہ اشون نے کہا کہ وہ رواں آئی پی ایل سے وقفہ لے رہے ہیں کیونکہ اس وقت خاندان کو میری ضرورت ہے اور امید کرتا ہوں کہ میں واپسی کروں گا لیکن اس کے لئے حالات کا بہتر ہونا ضروری ہے۔
دوسری جانب دہلی کیپٹلس کے انتظامیہ نے اشون کے اس فیصلے کا مکمل تعاون کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کھلاڑی کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کرتی ہے۔ قبل ازیں اشون نے ہندوستان میں کورونا کے حالات پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔ علاوہ ازیں رائل چیلنجرس بنگلور کے آسٹریلیائی بولروں ایڈم زمپا اور کے این رچرڈ سن نے بھی شخصی وجوہات بتاتے ہوئے ٹورنمنٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں راجستھان رائلس کے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی نے بھی دستبرادری اختیار کی ہے۔ بنگلور کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ زمپا اور رچرڈ سن شخصی وجوہات کی بنا پر آسٹریلیا واپس جارہے ہیں اور وہ آئی پی ایل کے لئے دستیاب نہیں رہیں گے۔علاوہ ازیں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے منٹر ڈیویڈ ہسی بھی ٹورنمنٹ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔