نئی دہلی ۔ دفاعی چمپین ممبئی انڈینس کل یہاں راجستھان رائلس کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں اپنے مڈل آرڈر کے مسائل کو ختم کرتے ہوئے کامیابی کی ڈگر پر لوٹنے کے لئے کوشاں ہوگی۔ ممبئی اس مقابلہ میں یکے بعد دیگرے دو ناکامیوں کے بعد شرکت کررہی ہے جس میں چینائی میں منعقدہ مقابلہ میں پنجاب کنگس کے خلاف 9 وکٹوں کی شکست بھی ہے۔ سنجو سامسن کی زیر قیادت راجستھان کو متواتر تین مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس نے اپنے آخری مقابلہ میں کولکتہ نائٹ رائڈرس کو 6 وکٹوں کی شکست دی ہے۔ ممبئی کے کپتان روہت شرما جنہوں نے ٹورنمنٹ میں تاحال 201 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے چند مقابلوں میں بہتر شروعات تو کی ہے لیکن اس شروعات کو وہ بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر پائے ہیں۔
کوئٹن ڈیکاک جو تاحال صرف 47 رنز اسکور کئے ہیں ان کے ناقص مظاہروں سے بھی ٹیم کو نقصان ہو رہا ہے۔ ممبئی کے لئے مڈل آرڈر مضبوط ہونا خوش آئند ہے لیکن اس میں سوریہ کمار (154 رنز)، ایشان کشن (73 رنز)، ہاردک پانڈیا (36 رنز)، کنال پانڈیا (29 رنز) اور کیرن پولارڈ (65رنز) بھی ابھی تک اپنے میعار کے مطابق مظاہرے نہیں کئے ہیں۔ممبئی کےلئے اس کا بولنگ شعبہ ہمیشہ ہی طاقتور رہا ہے اور اب جسپریت بمراہ اور نیوزی لینڈ کے نمبر ایک بولر ٹرینٹ بولٹ کی جوڑی اس کی اصل طاقت ہے ۔
دوسری جانب راجستھان کو اپنی اوپننگ جوڑی کو بنانے میں ہنوز مسائل کا سامنا ہے جیسا کہ منن ووہرا (42 رنز)، یشاسوی جیسوال (22 رنز) کو موقع دیا گیا اور دونوں ہی ناکام ہوئے۔ انگلش بیٹسمین جوس بٹلر اور کپتان سنجو سامسن جو اس وقت ٹیم کے لئے سب سے زیادہ 187 رنز اسکور کرچکے ہیں انہیں بھی بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے۔ شیوم دوبے، ڈیویڈ ملر اور ریان پراگ بھی کوئی بڑی اننگز کھیل نہیں پائے ہیں۔