احمدآباد ۔ کولکتہ نائیٹ رائڈرس کا بیٹنگ شعبہ جو کہ جدوجہد کررہا ہے اسے آج دہلی کیپٹلس کے خلاف سخت امتحان دینا پڑسکتا ہے۔ کے کے آر کے بیٹنگ شعبہ جس میں سرفہرست ناکام بیٹسمین باصلاحیت شبھ من گل ہیں لیکن وہ گزشتہ 6 مقابلوں میں صرف 89 رنز ہی بنا پائے ہیں حالانکہ اس کا بولنگ شعبہ خاص کر کے اسپن جوڑی سنیل نارائن اور ورون چکرورتی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف ٹیموں کو مختصر اسکور پر ڈھیر کیا ہے لیکن بیٹنگ شعبہ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کی وجہ سے اسے بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
پنجاب کنگس کے خلاف گزشتہ مقابلہ میں 124 رنز کے معمولی نشانے کے تعاقب میں ٹیم 17/3 کے مایوس کن اعداد و شمار تک صرف ابتدائی تین اوورس میں ہی پہنچ گئی تھی لیکن کپتان ایان مورگن نے مثالی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو مسلسل چار ناکامیوں کا سلسلہ توڑتے ہوئے پہلی کامیابی دلوانے میں اہم رول ادا کیا۔ دہلی کیپٹلس کے خلاف ٹیم کے بولروں کو بھی سخت امتحان دینا پڑسکتا ہے چونکہ اس ٹیم میں کئی اسٹار کھلاڑی موجود ہیں جن میں ٹاپ آرڈر میں شکھر دھون 265 رنز کے ساتھ ٹورنمنٹ کے سرفہرست بیٹسمین ہیں۔ علاوہ ازیں پارتھیو شا، اسٹیو اسمتھ اور شمرون ہٹ مائر کے ساتھ خطرناک رشبھ پنت بھی موجود ہیں جن کے خلاف ذرا سی غلطی کولکتہ کو ایک اور شکست برداشت کرنے پر مجبور کرسکتی ہے۔ سب سے پہلے مورگن کو گل کی ناکامیوں کا حل نکالنا ہوگا کیونکہ وہ 15, 33, 21, 0, 11, 9 کے ساتھ ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہیں کر پارہے ہیں اور انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز سے ان کا یہ ناقص فام ہنوز جاری ہے۔ امکان ہے کہ گل کو ٹیم سے خارج کرتے ہوئے سنیل نارائن کے ساتھ راہول تریپاٹھی کو اننگز کے آغاز کا موقع دیا جاسکتا ہے جیسا کہ لیجنڈری بیٹسمین سنیل گواسکر نے بھی مشورہ دیا ہے۔
ٹاپ آرڈر میں تبدیلی کے بعد مڈل آرڈر میں مورگن، اینڈریو رسل اور دنیش کارتک کو بہتر مظاہرے کرنے ہوں گے۔ اس مقابلہ میں ویسٹ انڈیز کے دو کھلاڑیوں کے درمیان بہتر مظاہرے کی دوڑ دیکھنے کو مل سکتی ہے جیسا کہ کولکتہ کے لئے رسل اور دہلی کے شمرون ہٹ مائر کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے خواہاں ہوں گے۔ رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف گزشتہ مقابلہ میں 172 رنز کے تعاقب میں جس وقت دہلی 92/4 کی نازک صورتحال سے جدوجہد کررہی تھی اس موقع پر ہٹ مائر نے 22 گیندوں میں 54 رنز اسکور کئے تاہم آخری اوور میں سراج کی گیندوں کا سامنا نہ کرنے کی وجہ سے ہٹ مائر ٹیم کو کامیابی نہیں دلوا سکے اور دہلی اس مقابلہ میں ایک رن سے ناکام رہی۔ دوسری جانب رسل کے لئے بھی حالت ایسی ہی رہی جب انہوں نے چینائی سوپر کنگس کے خلاف 22 گیندوں میں 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی لیکن وہ بھی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہیں کر پائے تھے۔
روی چندرن اشون کے ٹورنمنٹ سے دستبردار ہو جانے کے بعد دہلی کو ایشانت شرما کی بہترین بولنگ سے فائدہ ہوا ہے جیسا کہ انہوں نے اپنے پہلے مقابلے میں بنگلور کے ان فام بیٹسمین دیودت پڈیکل کو شاندار گیند پر بولڈ کیا تھا۔ اس مقابلہ میں انہوں نے 26 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کے کے آر کے بیٹنگ شعبہ کو ایشانت شرما، کگیسو ربادا اور اویس خان کے علاوہ اسپن جوڑی امت مشرا اور اکشر پٹیل کی شاندار بولنگ کا سامنا کرنا ہے۔