Wednesday, April 23, 2025
Homesliderکرگل میں مسلمانوں نے کورونا سے فوت عیسائی کی آخری رسومات انجام...

کرگل میں مسلمانوں نے کورونا سے فوت عیسائی کی آخری رسومات انجام دیں

- Advertisement -
- Advertisement -

سری نگر۔ مذہبی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے کی ایک مثال قائم کرتے ہوئے لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں مسلمانوں نے کورونا سے فوت ہونے والے ایک عیسائی  شخص کی آخری رسومات انجام دیں۔مقامی ذرائع نے کہا  کہ جھار کھنڈ کی دارالحکومت رانچی سے تعلق رکھنے والا سمیراکا کرگل میں محکمہ این ایچ پی سی میں ملازمت کررہا تھا کہ اس دوران وہ کورونا سے متاثر ہوا۔

اس سرکاری  ملازم کو گذشتہ ہفتے کوویڈ ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں اتوار کو اس کی موت واقع ہوئی۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ چونکہ متوفی این ایچ پی سی ملازم کے ساتھ کوئی رشتہ دار یا دوست نہیں تھا جس کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے انجمن جمعیت العلما اثنا عشریہ کرگل کے رضاکاروں نے آگے آ کر اس کی آخری رسومات انجام دینے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ رضاکاروں نے پی پی کٹس پہن کر اور دوسری گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہو کر کرگل میں ایک قبرستان کے نزدیک متوفی کی آخری رسومات عیسائی رسم ورواج  کے مطابق انجام دیں۔

دریں اثنا انجمن کے صدر ناظر مہدی محمدی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا میں ان جوانوں کا بہت ہی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے دنیا کو اور ایک انسانیت کا درس دیا ہے ۔ کرگل میں کورونا کی وجہ سے ایک پردیسی عیسائی  کی موت۔ ہمارے جوانان اثنا عشریہ کرگل ان کو تابوت اور دفن کرنے کی انتظام میں مصروف۔ برادران اہل سنت کا بھی شکریہ کہ ان کو قبر کے لئے جگہ دی۔

کرگل سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی جہدکار اور سابق صحافی سجاد حسین نے ناظر مہدی محمدی کا ٹویٹ ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کرگل کی خوبصورتی دیکھیں۔ سنی آرگنائزیشن نے قبر کے لئے جگہ دی۔ شیعہ نوجوانوں نے آخری رسومات انجام دیں۔ اور جس کو دفن کیا گیا ہے وہ ایک عیسائی شخص تھا۔