Monday, June 9, 2025
Homesliderتلنگانہ میں لاک ڈاؤن مکمل برخاست ،یکم جولائی سے تعلیمی ادارے بھی...

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن مکمل برخاست ،یکم جولائی سے تعلیمی ادارے بھی کھول دیئے جائیں گے

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ریاست تلنگانہ میں گزشتہ33 دنوں سے جاری لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیاہے اور جیسا کہ عوام کے ذہنوں میں خدشات تھے کہ لاک ڈاؤن  کے اوقات میں نرمی کے ساتھ شاید رات کا کرفیو مزید کچھ دن باقی رہے گا لیکن حکومت نے رات کا کرفیو بھی برخاست کرنے کا اعلان کردیا ہے ، اس طرح اتوار بتاریخ 20 جون کے صبح 6 بجے سے تلنگانہ میں کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی ۔تلنگانہ کے چیف منسٹر چندراشیکھرراؤ کی زیر صدارت   میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں  لاک ڈاؤن کی مکمل طورپر برخواستگی کے اعلان کے ساتھ ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیاہے کہ یکم جولائی سے ریاست میں تمام تعلیمی اداروں کو کھول دیا جائے۔

آج  دوبجے دن پرگتی بھونحیدرآباد میں ریاستی کابینہ کا  اس ضمن میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی وزراء اور اعلیٰ سطحی عہدیدار شریک تھے۔ریاست میں کوروناوائرس معاملات اور اموات میں بتدریج کمی اور کوروناوائرس کی وباء پر مکمل طور پر قابو پالئے جانے کی ریاستی محکمہ صحت کی رپورٹ اور تمام امور پر غور و خوص کرنے کے بعد ریاستی کابینہ اورکے سی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں جاری لاک ڈاؤن کو 20 جون کی صبح سے مکمل طور پر برخاست کرتے ہوئے عام زندگی کو بحال کیا جائے گا۔

ریاستی کابینہ نے کہا کہ عام آدمی اور غریب طبقات کو راحت پہنچانے کی غرض سے لاک ڈاؤن کی برخاستگی کا فیصلہ ناگزیر ہے لیکن اس کے بعد بھی عوام کو کورونا قواعد پر عمل کرنا ہوگا تاکہ حالات پھر سے خراب نہ  ہوں۔ریاستی کابینہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی برخاستگی کے بعد عوام کی جانب سے کوروناوائرس کی وباء کے معاملہ میں ہرگز کوتاہی نہ برتی جائے بلکہ کورونا وائرس سے تحفظ،صحت سے متعلق مختلف پابندیوں اور کوویڈ قواعد پر لازمی طوپرعمل کرنا ہوگا۔ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ پر لازمی طور پر عمل کیا جائے۔

ریاست میں 12 مئی کو نافذ کردہ لاک ڈاؤن کی معیاد آج 19 جون تک جاری رہے گی اور کل 20 جون کی صبح سے ریاست میں لاک ڈاؤن مکمل طور پر برخاست کردیا جائے گا۔اس سلسلہ میں ریاستی کابینہ نے حکومت کے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران عائد کی گئیں تمام پابندیوں کو مکمل طور پر برخاست کردیا جائے۔یہاں یہ اس بات کا تذکرہ اہم ہے کہ  تلنگانہ  میں کوروناوائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر  11 مئی کوچیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 12 مئی سے ریاست میں دس دنوں تک مکمل طورپر لاک ڈاؤن نافذ کردیا جائے اس دوران صبح 6 بجے تا 10 بجے دن تمام مصروفیات کےلئے عوام کو سہولت فراہم کی گئی تھی۔

آج اس 33 دن طویل لاک ڈاؤن کی برخواستگی کے اعلان سے عوام نے راحت کی سانس لی ہے بالخصوص یومیہ کاروبار اور محنت مزدوری کے ذریعہ اپنا ذریعہ معاش حاصل کرنے والے طبقہ کو راحت نصیب ہوئی ہے۔لیکن یہ بھی  انتہائی لازمی ہے کہ کوروناوائرس کی تیسری لہر کے انتباہ  اور اطلاعات کے پیش نظر عوام کورونا قواعد کو خود پر لازم کرلیں، ماسک لازمی طور پر پہنیں ، سینی ٹائزر کا استعمال کریں اور ساتھ جسمانی  فاصلہ  کا خاص خیال رکھیں۔پر ہجوم  مقامات سے خود کو دور رکھیں۔