ممبئی۔ مہاراشٹرا ریاست میں کانگریس، راشٹروادی کانگریس اور شیوسینا کی حکومت نہایت مضبوط ہے ۔ حکومت کے کام کاج سے ریاست کی عوام بھی مطمئن ہے ، لیکن اقتدار کی حرص میں بری طرح مبتلا بھارتیہ جنتاپارٹی سی بی آئی، ای ڈی، انکم ٹیکس واین آئی اے جیسی مرکزی تفتیشیی ایجنسیوں کے ذریعے ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ شیوسینا ایم ایل اے پرتاپ سرنائیک کے خط سے بھی یہ واضح ہورہا ہے کہ انہیں مرکزی تفتیشی ایجنسیاں کس طرح پریشان کررہی ہیں۔ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو متزلزل کرنے کی بی جے پی کی اب تک کی تمام کوششیں ناکام ہوئی ہیں اورفی الوقت کی بھی ان کی سازش کامیاب نہیں ہوگی، حکومت پانچ سال مکمل کرے گی۔ اس اعتماد کا اظہار مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے ۔ وہ یہاں حکومت کے غیرمستحکم ہونے کے بی جے پی کے دعوے پر میڈیا کے سامنے اپنے ردعمل کا اظہار کررہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعے ابتداءسے ہی شیوسینا واین سی پی کو پریشان کررہی ہے ۔ شیوسینا سربراہ بالاصاحب ٹھاکرے کی انگلی پکڑکر ریاست میں مضبوطی حاصل کرنے والی بی جے پی آج انہیں کی پارٹی شیوسینا کو ہراساں کررہی ہے جو بی جے پی کی احسان فراموشانہ ذہنیت کی واضح مثال ہے ۔ ناناپٹولے نے کہا کہ شیوسینا سربراہ بالاصاحب ٹھاکرے کے بیٹے کا چیف منسٹربننا بی جے پی برداشت نہیں کرپارہی ہے اور انہیں کرسی سے اتارنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے قیام کے بعد سے ہی بی جے پی کے لیڈران حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی سازشیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی تفتیشی ایجنسیاں صرف اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کے خلاف ہی کارروائی کررہی ہیں۔ دہلی کے سیاسی باس کے اشارے پر وہ مخالفین پر دباؤ ڈال رہی ہے ۔ شیوسینا ایم ایل اے پرتاپ سرنائک کو جس قدر پریشان کیا جارہا ہے ، وہ انہوں نے اپنے مکتوب سے ظاہرکردیا ہے ۔ ای ڈی کے ذریعے مخالفین کو کس قدر ہراساں کیا جارہا ہے ؟یہ بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل وکریٹ سومیا کے بیانات سے بھی کئی بار واضح ہوچکا ہے ۔
ناناپٹولے نے کہا کہ مہاراشٹر میں اقتدار سے محروم بی جے پی گزشتہ ڈیڑھ سال سے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعے مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی منصوبہ بند کوشش کررہی ہے ۔ اپوزیشن پارٹیوں کی حکومت کو غیرمستحکم اور مخالفین کی آوازکو دبایا جارہا ہے ۔ لیکن دباؤ کی اس سیاست سے بی جے پی کا اقتدار حاصل کرنے کا خواب محض خواب ہی رہنے والا ہے ۔ ہم چیف منسٹرادھوٹھاکرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں، کسی بھی دباؤ کے آگے یہ حکومت نہیں جھکنے والی ہے ۔میڈیا کے نمائندوں کے ذریعے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پٹولے نے کہا کہ 2024کے انتخاب میں این سی پی وشیوسینا میں اگر اتحاد ہوتا ہے تو ان کے ساتھ ہماری نیک خواہشات ہیں۔ بی جے پی کے خلاف اگر کوئی محاذ قائم ہوتا ہے تو وہ کانگریس پارٹی کے علاوہ ہونا ممکن نہیں ہے ۔