دبئی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن گذشتہ ہفتے اپنی ٹیم کو آئی سی سی عالمی ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) خطاب جیتنے کے بعد آج جاری آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں پھر سے نمبر ایک مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ولیمسن ہندوستان کے خلاف کم اسکورنگ ڈبلیو ٹی سی فائنل میں49 اور52 رنز کی اننگزکی بدولت 13 ریٹنگ پوائنٹس کے فائدے کے ساتھ مجموعی900 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ایک پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ891 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پر اب دوسرے مقام پر چلے گئے ہیں۔
ولیمسن نے اس سے پہلے نومبر2015 میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران نمبر ایک مقام حاصل کیا تھا۔ کپتان ولیمسن کے علاوہ نیوزی لینڈ کے کئی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے جس میں تجربہ کار راس ٹیلر، ٹرینٹ بولٹ، ڈیوون کانوے اور کائل جیمیسن شامل ہیں۔ دوسری اننگز میں ناٹ آؤٹ47 رنز بنانے اور ولیمسن کے ساتھ 96 رنز کی میچ فاتحانہ شراکت داری کی بدولت ٹیلر کو تین مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ 14ویں مقام پر آ گئے ہیں جبکہ پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے کانوے 18 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ42 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
وہیں جیمیسن اور بولٹ کو بولنگ رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے ۔ ڈبلیو ٹی سی فائنل میں سات وکٹ لینے والے جیمیسن اپنے کریئر کے اعلیٰ ترین 13 ویں جبکہ بولٹ دو مقام کی چھلانگ کے ساتھ 11ویں مقام پر آ گئے ہیں۔ ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے بیٹنگ کی رینکنگ میں تین مقام کے فائدے کے ساتھ 13 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ وہیں رویندر جڈیجہ آل راؤنڈر کی رینکنگ میں پہلے مقام سے کھسک کر دوسرے پر آ گئے ہیں۔ ٹی20 رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے اوپنر ایوین لوئس کو تین مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ13 ویں سے 10ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر فیبین ایلین23 مقام کی چھلانگ کے ساتھ بولنگ کی رینکنگ میں20 ویں مقام پرآ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کونٹن ڈی کاک بیٹنگ کی رینکنگ میں 22 ویں، ریجا ہینڈرکس 24ویں اورکپتان ٹیمبا باوُما 24 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ 64 نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔