Wednesday, April 23, 2025
Homesliderکشن ریڈی کو تلنگانہ کی گورنر کی مبارک باد

کشن ریڈی کو تلنگانہ کی گورنر کی مبارک باد

- Advertisement -
- Advertisement -

 حیدرآباد۔ تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے کابینی وزیربنائے جانے پر جی کشن ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔اپنے پیام میں سوندراراجن نے کہاکہ تلنگانہ کو اپنے سپوت پر فخر ہے جو تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اس ریاست سے پہلی کابینی وزیر بنائے گئے ہیں۔انہوں نے مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت کے طورپر درجہ بڑھائے جانے پر کشن ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔واضح رہے کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے جی کشن ریڈی مودی کابینہ میں مرکزی مملکتی وزیر داخلہ تھے تاہم ان کا درجہ بڑھاتے ہوئے انہیں کابینی وزیر بنایاگیا ہے ۔

جی کشن ریڈی نے آج وزیر سیاحت وثقافت کے طورپر ذمہ داری سنبھال لی۔گذشتہ روز مودی کابینہ میں ہوئے ردوبدل میں ان کا درجہ بڑھایاگیا تھا۔پہلی مرتبہ مودی کابینہ میں مملکتی وزیرداخلہ بنائے جانے کے تقریبا 25 ماہ اور7 دنوں کے بعد حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے جی کشن ریڈی کے عہدہ کو گذشتہ روز ہوئی کابینی توسیع میں بڑھایاگیا تھا۔قبل ازیں آج دارالحکومت نئی دہلی کے ٹرانسپورٹ بھون میں ارکان خاندان کی موجودگی میں ان کے نئی ذمہ داری سنبھالنے کے سلسلہ میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں مرکزی مملکتی وزیرسیاحت اجئے بھٹ، مرکزی مملکتی وزیر ثقافت شری پدنائک،میناکشی لیکھی اور قائدین موجود تھے۔

 جی کشن ریڈی، پارلیمنٹ میں حلقہ لوک سبھا سکندرآبادکی نمائندگی کرتے ہیں۔تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ مودی کابینہ میں ریاست سے تعلق رکھنے والے کسی وزیرکو مکمل قلمدان دیاگیا ہے ۔واضح رہے کہ کشن ریڈی کی کابینہ میں ترقی اور مکمل قلم دان ملنے پر انکے پارلیمانی حلقہ سکندآباد میں انکے چاہنے والوں اور مداحوں کی جانب سے جشن منانے اور ایک دوسرے کو مبارک باد دینے کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔علاوہ ازیں سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقے میں موجود بی جے پی کیڈر میں جشن کا ماحول دیکھا گیا ہے ۔