Wednesday, April 23, 2025
Homesliderہندوستان کو ایک اور سیریز شکست ، ورلڈکپ سے قبل دھکا

ہندوستان کو ایک اور سیریز شکست ، ورلڈکپ سے قبل دھکا

- Advertisement -
- Advertisement -

شیلمس فورڈ۔ اوپنر ڈانی ویٹ نے ناقابل تسخیر نصف سنچری کی اننگز کھیلنے کے علاوہ نمبر ایک آل راﺅنڈر ناٹ سیویئر کے ساتھ 112 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے مطلوبہ 154 رنز کا نشانہ صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کو ٹی20 سیریز میں بھی شکست دی۔ سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پانے والی ناٹ نے 42 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور انگلش ٹیم نے 8 گیندیں قبل ہی 154 رنز اسکور کرلئے۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنی اوپنر سمریتی مندنا کے 51 گیندوں میں 70 رنز کی اننگز کی بدولت 153 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر بنائے تھے لیکن ویٹ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے مندنا کی اننگز کو بے رنگ کردیا۔

ہندوستانی ٹیم کو 17 ویں اوور میں مقابلے میں واپسی کا موقع ملا تھا جیسا کہ سنیہرانا نے زیویئر کو آﺅٹ کرتے ہوئے ایک اہم کامیابی حاصل کی تھی بعدازاں ویٹ اور کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ 18 ویں اوور میں جب کھیل آگے بڑھ رہا تھا تو انگلینڈ کو کامیابی کے لیے 12 گیندوں میں 13 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر ویٹ نے دباﺅ کم کرنے والا چھکہ لگایا جس کے بعد اگلی ہی گیند انہوں نے دیپتی شرما کو ڈیپ اسکوائر لیگ پر چوکا لگاتے ہوئے مقابلے کو آسان کردیا۔ بعدازاں انہوں نے کامیابی کے لیے درکار سنگل رن کو مڈ وکٹ پر گیند کھیلتے ہوئے حاصل کیا۔ ہندوستان کے لیے انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے بعد ٹی 20 میں بھی شکست ہے۔ شاندار اننگز کھیلنے پر ویٹ کو مقابلے کا اور زیویئر کو سیریز کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

 ہندوستانی ٹیم جو پہلے ہی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز متھالی راج کی قیادت میں گنواں چکی تھی اب اسے اسی فرق کے ساتھ ہرمن پریت کور کی قیادت میں ونڈے سیریز بھی گنوانی پڑی ہے۔ ہندوستان کی یہ متواتر چوتھی سیریز شکست ہے کیوں کہ اس سے قبل سفید گیند سے اسے جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سیریز میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس فیصلہ کن تیسرے ٹی 20 سے قبل ہندوستان نے دوسرے مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ میں پہلی سیریز کامیابی کے امکانات روشن کرلئے تھے۔ تیسرے مقابلے میں نائب کپتان اور بائیں ہاتھ کی اوپنر مندنا نے 51 گیندوں کی اپنی اننگز میں 8 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ مندنا نے تقریباً ہر بولر کے خلاف کچھ بہترین اور دلکش اسٹروکس کھیلے۔ مندنا نے اپنی کپتان ہرمن پریت کے ساتھ 68 رنز کی پارنٹرشپ نبھائی جس میں کپتان نے 26 گیندوں میں 36 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے فارم میں واپسی کا اشارہ دیا۔

آخری اوورس میں نوجوان ریچا گھوش نے 13 گیندوں میں 20 رنز بنائے جس کی بدولت ہندوستان نے 150 رنز کا نشانہ عبور کیا۔ ہندوستان جس نے گزِشتہ مقابلہ میں 148 رنز کا کامیاب دفاع کیا تھا اور امید کی جارہی تھی کہ وہ 150 سے زائد رنز کے نشانے کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے سیریز کو 2-1 اپنے نام کرلے گی لیکن ویٹ نے اسپنرس کی جوڑی رادھا یادو اور پونم یادو کو اپنا نشانہ بنایا۔ رادھا نے 4 اوورس میں 37 رنز دیئے جبکہ پونم نے 4 اوورس میں 32 رنز دیئے۔ انگلینڈ کی کامیابی میں عالمی درجہ بندی کی نمبر ایک آل راﺅنڈر ناٹ کا بھی اہم کردار رہا جنہوں نے 36 گیندوں میں 42 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے سے قبل بولنگ میں بھی 4 اوورس میں 16 رنز دے کر ایک وکٹ کا کلیدی مظاہرہ کیا۔ انگلینڈ نے 18.4 اوورس میں مطلوبہ نشانہ جامع انداز میں حاصل کیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سیریزوں میں شکست کے بعد اب انگلینڈ میں بھی ایک بعد دیگرے محدود اوورس کی سیریزیں گنوانے کے بعد ہندوستان کے لیے حالات مشکل ترین ہورہے ہیں کیوں کہ اس سے اب آئندہ سال کے اوائل نیوزی لینڈ میں 50 اوورس کا ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔ علاوہ ازیں ہندوستان کا اب آسٹریلیا کا دورہ شروع ہوگا جہاں اسے اپنا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ بھی کھیلنا ہے۔