Monday, June 9, 2025
Homesliderٹیپو سلطان کے مجسمہ کی تنصیب کے خلاف آندھرا پردیش میں بی...

ٹیپو سلطان کے مجسمہ کی تنصیب کے خلاف آندھرا پردیش میں بی جے پی کا احتجاج

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ شیر میسور اور ہندوستان کی آزادی میں اہم رول ادا کرنے والے سلطان حضرت ٹیپو سلطان ملک کی تاریخ میں تعارف کے محتاج نہیں ہیں لیکن جہاں ان کے چاہنے والوں کی تعداد کروڑوں میں ہے وہیں ان کے مخالفین کی تعداد بھی کچھ کم نہیں اور آئے دن ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ان کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں اور اب تازہ ترین وقع تلگو ریاست آندھراپردیش کا ہے ۔تفصیلات کے بموجب  آندھراپردیش کے ضلع کڑپہ میں ٹیپو سلطان کے مجسمہ کی مخالفت کرتے ہوئے بی جے پی نے دھرنادیا۔

پارٹی کے ریاستی صدر سومو ویر راجو نے اس دھرنے کی نگرانی کی۔یہ مجسمہ ضلع کی میدکور روڈ پر نصب کیاجانے والا تھا۔اس دھرنے میں زعفرانی جماعت کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔اس موقع پر ان کارکنوں کی پولیس سے بحث وتکرار ہوگئی۔ ان مظاہرین نے وائی ایس جگن زیرقیادت ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ پرودوٹور کے رکن اسمبلی شیواپرساد ریڈی کے خلاف نعرے بازی کی۔اس احتجاج کی وجہ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔پولیس نے بی جے پی کے ریاستی صدر کو گرفتار کرلیا۔

شیواپرساد ریڈی نے اس مجسمہ کی تنصیب کے لئے مساعی کی تھی اور اس کا سنگ بنیاد بھی رکھا تھا تاہم زعفرانی جماعت کے کارکنوں نے اسی مقام پر دھرنا دیا جہاں پر سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔پرودوٹور روڈ کے قریب یہ مجسمہ نصب کیاجانے والا تھا تاہم بی جے پی نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی حال میں اس مجسمہ کو نصب ہونے نہیں دے گی۔پرودوٹور میں واقع بلدیہ کے دفتر کے سامنے یہ احتجاج کیاگیا۔

قبل ازیں بی جے پی کے صدر اور دیگر کارکن، پدیاتر اکے ذریعہ سنگ بنیاد کے مقام پر پہنچے ۔پولیس نے ان احتجاجیوں کو قابو کرنے کیلئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کئے اور وجرا گاڑیوں کو بھی تیار رکھاگیا تھا۔بی جے پی کے لیڈروں نے انتباہ دیا کہ ٹیپو سلطان کے مجسمہ کی تنصیب کے لئے منظور قرارداد کو فوری واپس لیاجائے ورنہ اس کے خلاف جدوجہد کی جائے گی۔پولیس نے بی جے پی کے لیڈروں کو گرفتارکرکے پولیس اسٹیشنس منتقل کردیا۔