Monday, June 9, 2025
Homesliderممتا بنرجی کا  دورہ ٔ دہلی، ماہرین کی نظر میں کامیاب سفر

ممتا بنرجی کا  دورہ ٔ دہلی، ماہرین کی نظر میں کامیاب سفر

- Advertisement -
- Advertisement -

کولکتہ۔اس وقت ہندوستانی قومی سیاست میں وزیر اعظم نریندرمودی کے خلاف کولکتہ کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کا چہرہ پیش کیا جارہا ہے اور حالیہ دنوں میں ممتا کے دہلی کے دورہے کو نہ صرف کامیاب سفر قرار دیا جارہاہے بلکہ ممتا کو مودی کے متبادل قائد کےطور پر پیش کیا جارہاہے ۔

مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نئی دہلی کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے کولکتہ لوٹ گئی ہیں ۔تاہم سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مئی میں تیسری مرتبہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ممتا بنرجی کا یہ دورہ بہت ہی کامیاب رہا ۔ایک طرف جہاں وہ بی جے پی مخالف اتحاد کو شکل دینے میں کامیاب نظر آئیں وہیں وفاقی ڈھانچے کے مطابق انہوں نے وزیر اعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈگری سے ملاقات کی ۔

دہلی پہنچنے کے بعد کانگریس کے کئی سینئر لیڈروں کمل ناتھ، آنند شرما اور ابھیشیک منو سنگھوی سے ملاقات کے بعد ممتا بنرجی نے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے ساتھ چائے پر چرچا کی۔دراصل ممتا بنرجی جانتی ہیں کہ وہ 2024میں وزیرا عظم نریندر مودی اور بی جے پی کے سامنے چیلنج کانگریس کو ساتھ میں لائے بغیر نہیں پیش کرسکتی ہیں ۔کانگریس کے علاوہ ممتا بنرجی نے علاقائی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے بھی ملاقات و رابطہ کیا ۔جس میں دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال اور ڈی ایم کی رکن پارلیمنٹ کنی موجی سے ملاقات اور اس کے علاوہ لالو پرسادیادو اور این سی پی سپریمو شرد پوار سے بھی بات کی۔

تاہم ممتا بنرجی ایک چیف منسٹر بھی ہیں۔ لہذا ریاست کے مسائل اور ضروریات کا ادراک کرنا ان کی ذمہ داری ہے ۔اس لئے انتخابی موسم میں ایک دوسرے کی سخت تنقید اور کرواہٹ کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پر نصف گھنٹے تک ملاقات کی اور ریاست کی ضروریات اور مسائل پر بات کی ۔انہوں نے مرکزی وزیرٹرانسپورٹنتن گڈکری سے بھی ملاقات کی۔ دونوں ملاقاتوں میں ممتا نے ویکسین ، ریاست کا نام تبدیل کرنے ، بنگال میں سڑکوں کی توسیع جیسے اہم مسائل کا مطالبہ کیا۔ در حقیقت ، ان دونوں ملاقاتوں میں ممتا نے خود کو ایک ذمہ دار چیف منسٹر کے کردار میں پیش کیا ہے ۔

سیاسی لیڈروں سے ملاقات کرنے کے علاوہ ممتا بنرجی نے ان شخصیتوں سے بھی ملاقات کی جو بی جے پی کی پالیسیوں کے نقادہیں ان میں جاوید اختر ، شبانہ اعظمی جیسی شخصیات شامل ہیں۔ممتا سے ملاقات کے بعد جاوید اختر نے ملک میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ ممتا بنرجی نے دہلی میں قومی میڈیا کے ہرسوالوں کا بہتر جواب دے کر توجہ اپنی جانب کھینچنے میں کامیاب رہی۔میڈیا کے ذریعہ اپوزیشن اتحاد سے متعلق سوال میں الجھنے کے بجائے انہوں نے واضح کردیا کہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں مودی مقابلہ  ملک ہوگا اور چہرہ کوئی بھی ہوسکتا ہے ۔میں صرف سیاسی کیڈر کی طرح کام کروں گی۔ترنمول کانگریس کے سینئر رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ ممتا بنرجی نے دہلی کے اپنے حالیہ دورے کے دوران یہ واضح کردیا کہ وہ قومی سطح کی لیڈر ہیں اور ملک کی قیادت کرنے کی اہل ہیں ۔