ممبئی۔ نارکوٹک ڈرگس اور سائیکو ٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) کی خصوصی عدالت نے منشیات معاملے میں بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور ان کے دو دوستوں کی عدالتی تحویل میں توسیع کرتے ہوئے ان کے ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔
آرین اور ارباز مرچنٹ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں بند ہیں جبکہ من من دھمیچا خواتین کی بائیکلا جیل میں قید ہیں۔این ڈی پی ایس کے خصوصی جج وی وی پاٹل نے تینوں ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ جسٹس پاٹل نے اس سے قبل 14 اکتوبر کو سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست پر دلائل کے بعد اپنا حکم محفوظ رکھا تھا۔
استغاثہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آرین گزشتہ کچھ برسوں سے منشیات کا باقاعدہ استعمال کرتے رہے ہیں اور اس کی تصدیق کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں۔سماعت کے دوران دفاع نے اپنے دلائل میں کہا کہ آرین کروز پرنہیں تھے اور اس وقت پکڑے گئے جب وہ ایک خصوصی مدعو کے طور پر پارٹی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ آرین نے کسی بھی قسم کی منشیات کا استعمال نہیں کیا تھا۔
آرین کے وکلاءنے کہا کہ بہت سے ممالک نے بھنگ جیسے مادوں کو قانونی اجازت دی ہے اور انہیں خطرناک منشیات کے زمرے سے ہٹا دیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملزم چھوٹے بچے ہیں اور انہوں نے بہت کچھ برداشت کیا ہے اورسبق سیکھا ہے لہذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جانا چاہیے ۔
واضح رہے کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ایک ٹیم نے 2 اکتوبر کی شام گوا جانے والے کورڈیلیا کروز پر چھاپہ مارا تھا اور مبینہ طور پر منشیات ضبط کی تھی اور آرین ، مرچنٹ اور دھمیچا سمیت کئی افراد کو گرفتار کیا تھا۔ این سی بی حکام کے مطابق چھاپے کے دوران 13 گرام کوکین ، پانچ گرام ایم ڈی ، 21 گرام چرس ، ایم ڈی ایم اے (ایکسٹسی) کی 22 گولیاں اور 1.33 لاکھ روپے نقد ضبط کیے گئے تھے ۔