Sunday, June 8, 2025
Homesliderافغانستان نے خطرہ کی گھنٹی بجادی

افغانستان نے خطرہ کی گھنٹی بجادی

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی ۔افغانستان کے کپتان محمد نبی نے مجیب الرحمان اور راشد خان کی بھرپور تعریف کی جب دونوں اسپنرز نے  رواں  ٹی 20 ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف زبردست جیت درج کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔مجیب نے اپنے 5 وکٹوں  کے شاندار مظاہروں کے ساتھ اہم بولر ثابت ہوئے  جب گروپ 2 کے میچ میں افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو 130 رنز سے شکست دی۔ جہاں مجیب نے پانچ وکٹیں حاصل کیں تو راشد خان نے چار وکٹیں لے کر اسکاٹ لینڈ کی بیٹنگ کو تہس نہس کر دیا اور نشانے کے تعاقب کے دوران پانچ بیٹرس صفر پر آوٹ ہوگئے۔

 نبی نے میچ کے بعد میزبان براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس سے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ ہمارے پاس راشد اور مجیب کی شکل میں کچھ اچھے اسپنرز ہیں، وہ دنیا میں ہر جگہ کھیل چکے ہیں۔ ہمارے پاس بہت اچھا ٹیم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم مقامی ٹورنمنٹ کھیلتے ہیں تو میں، مجیب اور راشد سب سے مہنگے بولر ہوتے ہیں۔ مجیب اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کھیل رہے ہیں اور انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا، یہ دیکھ کر اچھا لگا، یہ لاجواب ہے۔ یاد رہے کہ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز کے اختتام پر 4/190 رنز بنائے۔ نجیب اللہ زدران اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے جب انہوں نے 34 گیندوں پر 59 رنز بنا کر افغانستان کو 190 تک پہنچا یا۔نبی نے کہا کہ افغانستان کا مقصد بورڈ پر بڑاسکور درج کرنا تھا اور انہیں خوشی ہے کہ ٹیم نے منصوبے کے مطابق کام کیا۔

 نبی نے کہاٹورنمنٹ کے آغاز میں جیتنا ضروری ہے، یہ ہمارا منصوبہ تھا، پہلے بیٹنگ کرنا اور بڑا اسکورکرنا پہلا نشانہ تھا ۔ دونوں اوپنرز نے اچھی شروعات کی، ہم نے پاور پلے کو اچھے انداز میں ختم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وکٹوں کے درمیان دوڑ اچھی تھی، ہم نے اسٹرائیک کو بہت اچھی طرح سے آگے بڑھایا  اورنجیب نے اتنا بڑااسکور  بنانے میں مدد کرنے کے لیے اچھا مظاہرہ  کیا۔ افغانستان نے پہلے مقابلے میں جس طرح کا مقابلے کیا ہے اس نے کہیں نہ کہیں گروپ کی دوسری ٹیموں کےلئے خطرہ کی گھنٹی بجادی ہے۔افغانستان کا اگلا مقابلہ جمعہ کو پاکستان سے ہوگا اور اس مقابلے میں ٹیم کا مظاہرہ توجہ کا مرکز ہوگا ۔