حیدرآباد ۔ایم ایل سی کلواکنٹلا کویتا نے آسام کے چیف منسٹر ہمانتا بسوا شرما کے شر انگیز تبصروں کا جواب دیتے ہوئے کہا، ہمنتا جی، آپ کے اشتعال انگیز بیانات نے ایک بار پھر بی جے پی کے تلنگانہ کی شاندار تاریخ کو مٹانے کے ارادے کو دہرایا۔ میں حیران ہوں کہ آپ اور آپ کی جماعت کو اتحاد کے خیال سے اتنا خطرہ کیوں ہے؟ کیا آپ 2018 میں تلنگانہ کے فیصلے کو بھول گئے، جب بی جے پی نے 107 سیٹوں پر ڈپازٹ کھو دی؟ کویتا نے کہا کہ ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے اور اب آٹھ فیصد پر ہے۔ لوگوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے ٹی آر ایس کی تشکیل کی گئی تھی۔ ہم نے خود تلنگانہ کے لیے جنگ لڑی۔
انہوں نےمزید کہا کہ حسب وعدے ہم نے اپنے لوگوں کے لیے اب تک 1.3 لاکھ ملازمتیں پیدا کی ہیں اور ہم روزگار کے مواقع پیدا کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔رائتو بندھو، کلیانہ لکشمی اور مشن بھاگیردھا جیسے کے سی آر کے اقدامات پورے ملک کی گواہی دیتے ہیں۔ اگر آپ ان اسکیموں کو دیکھیں تو آپ کو اسی طرح کے منصوبے ملیں گے۔ آپ کی پارٹی نے تلنگانہ کی ان اسکیموں کا نام بھی بدل دیا ہے۔کویتا نے اپنے بیان میں مہمان چیف منسٹر پر تنقید کےلئے تلنگانہ میں ترقیاتی اسکمیات کا ہتھیار استعمال کیاہے۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ ہمانتھا نے اتوار کو ورنگل میں جی او نمبر 317 کے خلاف احتجاجی اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف شدید تنقید کی لیکن اس کےلئے انہوں نظام اور اویسی حکومت کو نشانہ بنایا۔آسام سے یہاں آکر زہر افشانی کرنے والے چیف منسٹر نے کہا کہ بہت جلد نظام اور اویسی کی یادیں ختم ہوجائیں گی اور وہ قصہ پارینہ بن جائیں گے۔