کولکتہ۔ نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں سے بھرپور ہندوستان چہارشنبہ کو یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں مقابلہ کرے گا جس کا مقصد آٹھ ماہ بعد منعقد ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل درست اور بہتر ٹیم حاصل کرنا ہے ۔ہندوستان گزشتہ سال اکتوبر ۔ نومبر میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی خطاب کا مضبوط دعویدار تھا لیکن لیگ مرحلے سے ہی باہر ہوگیا۔ ٹیم کی ساخت میں خامیاں نظر آئیں، جس نے ویرات کوہلی کا بطور ٹی ٹوئنٹی کپتان آخری ٹورنمنٹ جیتنے کا خواب چکنا چورکردیا۔آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ سے قبل ہندوستان کا مصروف شیڈول ہے اور وہ ایک مضبوط ٹیم بنانے کی کوشش کرے گا۔ ممبئی انڈینز نے روہت شرما کی قیادت میں پانچ آئی پی ایل خطابات جیتے ہیں۔
روہت کی قیادت میں اب قومی ٹیم اوپننگ جوڑی، مڈل آرڈر اور بولنگ کے لیے حکمت عملی تیارکرنا چاہے گی۔ہندوستانی ٹیم میں کئی باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔ آئی پی ایل کی میگا نیلامی میں ممبئی انڈینز نے وکٹ کیپر ایشان کشن کو 15 کروڑ 25 لاکھ روپے میں خریدا ہے اور ان پر نظریں ہوں گی۔ موجودہ قومی ٹیم میں شامل 10 کھلاڑیوں کو نیلامی میں بڑی رقومات ملی ہیں اور سب کی نظریں شریاس آئیر (کولکتہ نائٹ رائیڈرز، 12 کروڑ 25 لاکھ روپے)، ہرشل پٹیل (رائل چیلنجرز بنگلور، 1075 لاکھ روپے) اور شاردول ٹھاکر (دہلی کیپٹلز، 10 کروڑ 75 لاکھ روپے) پر ہوں گی۔ عضلات میں تناو ¿ کی وجہ سے لوکیش راہول کے باہر ہونے کے بعد ہندوستان کو پہلے روہت کے اوپنرساتھی کی تلاش کرنے کی ضرورت ہوگی۔
ٹی20 سیریز سے قبل احمد آباد میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ونڈے کے پہلے میچ میں، روہت نے ایشان کے ساتھ اننگزکا آغازکیا جب کہ رشبھ پنت اور شکھر دھون نے بقیہ دو میچوں میں کپتان کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ ایشان کو اننگزکے آغاز کا موقع مل سکتا ہے، لیکن مہاراشٹر کے ان فارم بیٹر روتوراج گائیکواڑ کا دعویٰ بھی مضبوط ہے۔ وینکٹیش ایر بھی کپتان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے کے دعویداروں میں سے ایک ہیں۔اگر سابق کپتان وراٹ کوہلی روہت کے ساتھ اننگزکا آغاز کرنے آتے ہیں تو یہ دلچسپ ہوگا۔ کوہلی کچھ عرصے سے توقعات کے مطابق فام میں نہیں ہیں اور ان کی آخری سنچری نومبر 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف اسی گراونڈ پر ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میں بنی تھی۔
علاواہ ازیں 23 اکتوبرکو پاکستان کے خلاف پہلے ٹی20 ورلڈ کپ میچ سے قبل ہندوستان کا مصروف شیڈول ہے لہذا ہندوستانی ٹیم پنت کو آرام دے کر ایشان کو آزما سکتی ہے۔اس سے روہت کو شریاس اور سوریہ کمار یادو دونوں کو ایک ساتھ پلیئنگ الیون میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ یہ دونوں حال ہی میں ختم ہونے والی ونڈے سیریز میں اچھی فارم میں تھے۔سوریا کمار ونڈے سیریز میں 52 کی اوسط سے 104 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ایر نے تیسرے ونڈے میں 3-0 سے کلین سویپ کے دوران 80 رنزکی میچ جیتنے والی اننگز کھیلی۔ لوورآرڈر میں ہندوستان کے پاس شردول ٹھاکر، دیپک چہر اور ہرشل پٹیل کی شکل میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ اسپن شعبہ میں ذمہ داری یوزویندر چہل پر ہوگی، جنہوں نے ونڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کے ساتھ واپسی کی۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا راجستھان کے لیگ اسپنر روی بشنوئی کو اپنا ڈیبیو کرنے کا موقع ملتا ہے۔
بشنوئی کو آئی پی ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ونڈے سیریز میں ناکامی کے بعد کیرون پولارڈ کی زیرقیادت ویسٹ انڈیز اپنے پسندیدہ ٹی 20 فارمیٹ میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔ ویسٹ انڈیز ٹی20 ماہرین کے ساتھ، انگلینڈ کو گھر پر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-2 سے شکست دینے کے بعد یہاں پہنچی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے پاس ایک طویل بیٹنگ لائن اپ ہے اور ان کے پاس کچھ دھماکو بیٹرس ہیں، جس کی بدولت ٹیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ سیریز کافی مسابقتی ہوگی۔جیسن ہولڈر اچھی فارم میں ہیں کیونکہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف فائنل میچ میں 27 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کر چار گیندوں پر چار وکٹیں لے کر کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ہولڈر کے علاوہ ٹیم میں اوڈین اسمتھ، عقیل حسین اور پولارڈ جیسے آل راونڈر ہیں۔سردی کی وجہ سے ایڈن گارڈنز میں ہونے والے میچ میں شبنم اہم کردار ادا کر سکتی ہے چونکہ مقابلے کا آغاز شام 7 بجے ہوگا۔
ٹیمیں درج ذیل ہیں:
ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، ایشان کشن، ویرات کوہلی، شریاس ایر، سوریا کماریادو، رشبھ پنت، وینکٹیش ایر، دیپک چاہر، شاردول ٹھاکر، روی بشنوئی، یوزویندر چاہل، محمد سراج، بھونیشورکمار، اویس خان، ہرشل پٹیل ، رتوراج گائیکواڑ، دیپک ہوڈا، کلدیپ یادو اور ہرپریت برار۔
ویسٹ انڈیز: کیرون پولارڈ (کپتان)، نکولس پوران، فیبین ایلن، ڈیرن براوو، روسٹن چیس، شیلڈن کوٹریل، ڈومینک ڈریکس، جیسن ہولڈر، شائی ہوپ، عقیل حسین، برینڈن کنگ، روومین پاول، روماریو شیفرڈ، اوڈین اسمتھ، کائل میلس اور ہیڈن والش جونیئر۔