بنگلورو۔ ایک چونکا دینے والے واقعہ میں یہاں رائچور کے بی جے پی ایم ایل اے ڈاکٹر شیوراج پاٹل کے خلاف ایک خاتون کارپوریٹر کے اغوا کے سلسلے میں شکایت درج کی گئی ہے، پولیس نے اس کی اطلاع دی ہے ۔ بنگلورو کے پولیس کمشنر کمل پنت کو جمع کروائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ ایم ایل اے شیوراج پاٹل اور ان کے پیروکاروں نے رائچور کارپوریشن کی رکن شہناز بیگم کو ایک خانگی دواخانہ سے مبینہ طور پر اغوا کیا تھا۔ شہناز بیگم کے بیٹے ایم ڈی علی نے شکایت درج کروائی ہے ۔
علی نے الزام لگایا تھا کہ چونکہ رائچور کارپوریشن کے صدر کے عہدے کا انتخاب 30 مارچ (چہارشنبہ ) کو مقرر ہے، اس لیے انہیں رائے دہی سے غیر حاضر رہنے کے لیے ملزمین نے انہیں ایک خانگی دواخانہ سے اغواء کرلیا جہاں ان کا علاج کیا جارہا تھا۔ شہناز بیگم رائچور کارپوریشن کے وارڈ نمبر 26 سے منتخب رکن ہیں۔ انہیں 26 مارچ کو دواخانہ میں داخل کروایا گیا تھا۔ علی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اس کا بھائی محمد عالم اور اس کی ساس خواجہ بی دواخانہ میں شہناز کے ساتھ تھے۔ منگل کو شہناز کا سیل فون بند تھا اور جب اس نے اپنے بھائی اور ساس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو ان کے سیل فون بھی بند تھے۔
علی نے شکایت میں کہا ہے کہ دواخانہ میں پوچھ گچھ پر انہیں بتایا گیا کہ ان تینوں کو سفید رنگ کی کار میں لے گیا ہے۔ جب سی سی ٹی وی سے چیک کیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ گاڑی بی جے پی کے ایم ایل اے شیوراج پاٹل کی تھی۔ ایم ایل اے اور ان کے پیروکاروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کرنے کے بعد بھی ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا ہے کہ میری والدہ کو رائچور کارپوریشن کے صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالنے سے باز رکھنے کے لیے اغوا کیا گیا ہے۔ اگر میری ماں اور خاندان کے ارکان کو کچھ ہوا تو بی جے پی ایم ایل اے شیوراج پاٹل ذمہ دار ہوں گے۔ میرے اہل خانہ کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔