Thursday, April 24, 2025
Homesliderصدارتی انتخابات، پرچہ نامزدگی کا آغاز

صدارتی انتخابات، پرچہ نامزدگی کا آغاز

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ صدارتی انتخابات کے لیے نامزدگی کا عمل چہارشنبہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ  جاری کرنے کے ساتھ شروع ہوا ہے ۔رائے دہی  18 جولائی کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی کی تاریخ 21 جولائی ہے۔نامزدگی کا عمل ایک ایسے دن شروع ہوا ہے جب اپوزیشن جماعتوں نے صدارتی امیدوار کے معاملے پر دہلی میں اجلاس طلب کیا ہے ۔امیدوار 29 جون تک کاغذات نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 جون کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 2 جولائی مقرر کی گئی ہے ۔
صدر رام ناتھ کووند کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔صدر کا انتخاب آئین کے مطابق متناسب نمائندگی کے نظام کے ذریعے خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ صدر کا انتخاب ایک الیکٹورل کالج کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں لوک سبھا، راجیہ سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے منتخب نمائندے شامل ہوتے ہیں جو اپنے رائے دہی کا استعمال کرتے ہیں ۔ان میں دہلی اور پڈوچیری اسمبلیاں شامل ہیں۔راجیہ سبھا اور لوک سبھا یا ریاستی اسمبلیوں کے نامزد ارکان الیکٹورل کالج میں شامل ہونے کے اہل نہیں ہیں، اس لیے وہ انتخابات میں حصہ لینے کے حقدار نہیں ہیں۔ اسی طرح قانون ساز کونسلوں کے ارکان بھی صدارتی انتخاب کے لیے ووٹ کا استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس اور ریاستی اسمبلیوں میں پولنگ ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی دہلی میں ہوگی۔ترنمول کانگریس کی صدر اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کو 19 سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا ہے  ۔ اس اجلاس میں سات وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہیں، صدارتی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے خلاف مشترکہ امیدوار کھڑا کرنے پر اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے یہ ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جس کے ضمن میں کل ہی شردپوار اور ممتا بنرجی کی ایک اہم ملاقات بھی ہوئی ہے ۔