ممبئی ۔ ہپ ہاپ آرٹسٹ راجہ کماری کو 13 نومبر کو منعقد ہونے والے ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز 2022 میں بہترین ہندوستانی ایکٹ کے لیے پانچویں بارنامزد کیا گیا ہے۔انہیں اپنے گانے میڈ ان انڈیا کےلیے نامزدکیا گیا ہے جس کے لیے انھوں نے بالی ووڈ اسٹار مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ کام کیا۔اپنے تجربے اور اب تک کے سال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ ایک ناقابل یقین سال رہا ہے اور میں اس کے بقیہ سال کا انتظار کررہی ہوں۔ میرے مداحوں نے ہمیشہ مجھے جو حمایت اور محبت دکھائی ہے اس نے مجھے بے آواز کردیا ہے۔ سب سے زیادہ خوشی جب میں اپنے مداحوں کو میری موسیقی پر رقص کرتے دیکھتی ہوں۔
نامزدگی حاصل کرنے کی خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے،انہوں نے کہا میں باوقارایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز 2022 میں میڈ اِن انڈیا کے لیے یہ نامزدگی حاصل کرنے پر بہت پرجوش ہوں۔ یہ گانا میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور مجھے اس حیرت انگیز گانے پر کام کرنے کا اعزاز ہے۔ یہ ہم سب کے لیے ایک بڑا لمحہ ہے اور میں دیگر تمام باصلاحیت نامزد امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں۔
تمام دیگر ایوارڈ زمروں کے لیے عوامی ووٹنگ فی الحال ایم ٹی وی ایما کی ویب سائٹ پر لائیو ہے۔ ایوارڈز کی تقریب 13 نومبر 2022 کو جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں منعقد ہوگی۔ہندوستانی مداحوں اور خاص کرراجہ کماری کے مداحوں کو امید ہے کہ ہندوستانی فن کار ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر ہندوستان کا نام مزید روشن کریں گی ۔یاد رہے کہ سویتا یالاپراگڈاراؤ (پیدائش 11 جنوری 1986) جو پیشہ ورانہ طور پر راجہ کماری کے نام سے جانی جاتی ہے، ایک امریکی ریپر، گیت لکھنے والی اور گلوکارہ ہے جو کلیئرمونٹ، کیلیفورنیا سے ہے۔ کماری کو مشہور فنکاروں کے ساتھ تعاون کے لیے جانا جاتا ہے جن میں گیوین اسٹیفانی، آئیگی ایزالیہ، ففتھ ہارمونی، نائف پارٹی، فال آؤٹ بوائے شامل ہیں۔ وہ بطور نغمہ نگار 2016 میں بی ایم آئی پاپ ایوارڈز اور 5 جولائی 2016 کو بی بی سی ایشین نیٹ ورک کے پروگرام بابی فریکشن میں نمایاں ہونے کے لیے بھی قابل ذکر ہیں۔