کانپور۔ میاں بیوی کو زندگی کے سفر میں ایک دوسرے کا اصل ساتھی مانا جاتا ہے جوکہ ایک دوسرے کے ساتھ خوشی اور غم میں موجود ہوتے ہیں اور خاص کر جب زندگی ہمیں مشکل راہوں سے لاجاتی ہے تو ایسے حالات میں یہ ایک دوسرے کا ساتھ نبھاتے ہیں اور ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں لیکن ایک ایسا واقعہ بھی ہوا ہے جس میں بیوی نے جہاں خودکشی کی کوشش کی وہیں شوہر اسے بچانے کے بجائے اس منظر کی فلم بندی کرتا رہا ۔
ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں ایک خاتون چھت کے پنکھے سے لٹکنے کی کوشش کرتی نظر آرہی ہے اور شوہر اسے بچانے کے بجائے اس موت کی شوٹنگ میں مصروف ہے۔عورت خودکشی کی اپنی پہلی کوشش میں ناکام ہوجاتی ہے لیکن دوسری کوشش میں خود کو پھانسی دینے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔خاتون کے والد راج کشور گپتا نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے داماد سنجیو گپتا نے انہیں دوپہر میں فون کیا اور کہا کہ ان کی بیوی شوبھیتا نے خودکشی کرلی ہے۔میں گلموہر نگر میں اس کے گھر پہنچا تو اس کی لاش بستر پر ملی۔ سنجیو اس کے سینے کو پمپ کرنے میں مصروف تھا لیکن وہ بے جان تھی۔
جب میں نے سنجیو سے سوال کیا تو اس نے مجھے ویڈیو دکھائی اور میں حیران رہ گیا کہ اس نے اسے بچانے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ لیکن وہ واقعہ کی ریکارڈنگ میں مصروف تھا۔ اس نے اسے دواخانہ بھی نہیں پہنچایا ۔ہنومنت نگر پولیس کو متوفی کے اہل خانہ نے واقعہ کی اطلاع دی ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔پولیس سنجیو گپتا سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔جوڑے کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی۔