Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگکویت : کھلونا بندوق سے بینک لوٹنے والامشتبہ فرد گرفتار

کویت : کھلونا بندوق سے بینک لوٹنے والامشتبہ فرد گرفتار

کویت کی سیکوریٹی فورسز نے حوالی کے علاقہ میں واقع ایک خلیجی بینک کی شاخ میں ڈکیتی کرنے والے مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔اس شخص نے مکمل برقع اوڑھ رکھا تھا اور کھلونا بندوق سے بینک عملہ کو ڈرا کر پندرہ ہزار ڈالرز لوٹ لیے تھے۔کویت کے شعبہ تفتیش جرائم نے ہفتہ کی شب اس ملزم کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی ہے اور اس کے قبضہ سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی ہے۔اس نے ڈکیتی کی واردات میں جو کھلونا بندوق استعمال کی تھی ،اب اس کی تلاش کی جارہی ہے۔ایکسیکوریٹی ذریعہ نے بتایا ہے کہ حوالی کے محکمہ تفتیش جرائم نے اس ملزم کو بینک میں لگے نگرانی کے کیمروں سے حاصل کردہ تصاویر سے شاخت کیا تھا اور محکمہ ان تصاویر کی مدد سے اس کی نگرانی کرتا رہاتھا۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملزم اردنی شہری ہے،اس کی عمر تیس سال سے اوپر ہے۔اس نے عبایا اور نقاب اوڑھ رکھا تھا لیکن اس کے باوجود تفتیش کار اس کی شناخت معلوم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔اس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے اس کے کزن کے اپارٹمنٹ پر چھاپا مارا تھا جہاں اس نے پناہ لے رکھی تھی۔سیکوریٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس مشتبہ ملزم نے اپنے جرم کا اقرار کر لیا ہے اور افسروں کو لوٹی گئی رقم کی جگہ کے بارے میں بھی بتا دیا تھا جہاں سے وہ رقم برآمد کی جاچکی ہے۔اس نو آموز ڈکیت نے بتایا ہے کہ وہ کوئی ایک ہفتہ تک ڈکیتی کی اس واردات کی منصوبہ بندی کرتا رہا تھا اور اس دوران میں بینک کا مشاہدہ کرتا رہا تھا۔اس نے اس روز ڈکیتی کی واردات کرنے کا فیصلہ کیا جب بینک میں صارفین کا کوئی زیادہ رش نہیں ہوتا۔اس ڈکیت نے النقرا کے علاقہ میں واقع ایک مقامی مارکیٹ سے عبایا خرید کی تھی۔اس کو اوڑھ کر وہ بنک میں داخل ہوگیا اور کیشیئر کے کاؤنٹر پر جا کر اس سے رقم حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور یہ مطالبہ نہ ماننے کی صورت میں اپنے ہتھیار سے گولی چلانے اور خود کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔اس کے بعد وہ قریباً 15 ہزار ڈالرز ( ساڑھے چار ہزار کویتی دینار) لے کر رفوچکر ہوگیا۔اس ملزم نے بتایا کہ وہ ڈکیتی کی واردات کے بعد پیدل ہی ایک رہائشی علاقہ کی جانب بھاگ نکلا تھا۔وہاں اس نے کھلونا بندوق کو پھینک دیا اور ایک ٹیکسی میں بیٹھ کر اپنے گھر کی جانب روانہ ہوگیا تھا۔