لکھأو ۔ ’’آیوشمان بھارت‘‘ اسکیم خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کیلئے ہے، اس سے استفادہ کرنے والوں کی فہرست میں اترپردیش کے کابینی وزیر ستیش مہانہ اور ان کے خاندان کا نام بھی شامل ہے۔ اطلاع ملنے پر وزیر نے فہرست دیکھنے کے بعد ڈی ایم کو جانچ اور کارروائی کی ہدایت دی۔ سب سے بڑی صحت بیمہ یوجنا کی شکل میں حال ہی میں وزیراعظم نریندر مودی نے آیوشمان بھارت یوجنا شروع کی ہے۔ اس میں غریب گھرانوں کو رجسٹرڈ کر کے5 لاکھ روپئے تک کے علاج کی سہولت دی جانی ہے۔ اہلیت کی متعدد شرائط ہیں۔ ان کے علاوہ 2011 ء کی بی پی ایل فہرست سے بھی نام لئے گئے ہیں مگر مستحقین کے ناموں کے انتخاب میں ابھی سے جعلسازی شروع ہوگئی۔ اس کام سے منسلک سرکاری مشنری اپنی مرضی سے لوگوں کے نام شامل کررہی ہے۔ اس کا خلاصہ خود وزیرانڈسٹریل ڈیولپمنٹ ستیش مہانہ نے کیا۔ دراصل انہیں اطلاع ملی کہ ان کا اور ان کے اہل خاندان کا نام فہرست میں موجود ہے۔ اس پر انہوں نے ڈی ایم وجے وشواس پنت کو فون اور خط تحریرکرکے واضح کیا کہ وہ اس اسکیم کے مستحق نہیں ، اس لئے ترجیحی بنیاد پر انکا نام حذف کرکے حاجتمندوں کے نام شامل کئے جائیں۔