امیٹھی۔ کانگریس صدر راہول گاندھی نے رافیل طیارہ سودے میں بدعنوانیوں کا الزام دہراتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو اس معاملے میں کھلی بحث کے لئے چیلنج کیا۔
راہول گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقے امیٹھی میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد صحافیوں سے کہا کہ میں پھر کہتا ہوں کہ لڑاکا طیارے کی خریداری میں دھاندلی ہوئی ہے ۔ میں اپنی بات پر قائم ہوں۔ اس معاملے پر جب سچائی سامنے آئی گی تو اس میں انیل امبانی اور وزیراعظم نریندر مودی کا نام ہوگا۔ میں اب بھی کہہ رہا ہوں کہ وزیراعظم جہاں چاہیں مجھ سے اس معاملے میں بحث کرسکتے ہیں۔ میں ہر جگہ کے لئے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے رافیل سودے میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کروانے کی بات تسلیم کی ہے ۔ یہ بات کانگریس کی دلیل کی تصدیق کرتی ہے ۔
راہول گاندھی نے گوری گنج واقع کلکٹریٹ میں اپنے خاندان کے ارکان کی موجودگی میں اپنی روایتی سیٹ امیٹھی سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر راہول گاندھی کے ساتھ ان کی ماں سونیا گاندھی، بہن اورکانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی ، شوہر رابرٹ واڈرا اور ان کے بچے ریحان اور ماریا موجود تھے ۔
اس سے قبل راہول گاندھی نے تقریباً 40 منٹ روڈ شو کیا جس میں خاندان کے ارکان اور بڑی تعداد میں کانگریسی کارکنان نے شرکت کی۔ متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) صدر سونیا گاندھی صحت کی ناسازی کے سبب روڈ شو میں شریک نہیں ہوئی اور وہ براہ راست کلکٹریٹ پہنچیں۔ امیٹھی میں 6 مئی کو رائے دہی مقرر ہے ۔ راہول گاندھی نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہونے کے پہلے ہی دن اپنے پرچہ داخل کئے ۔ جمعرات کو یہاں راہول گاندھی کی حریف اوربی جے پی امیدوار اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گی۔