Monday, July 7, 2025
Homeبین الاقوامیچاند پر اترنے کا اسرائیلی منصوبہ ناکام

چاند پر اترنے کا اسرائیلی منصوبہ ناکام

- Advertisement -
- Advertisement -

تل ابیب: اسرائیل کا چاند پر اپنے خلائی جہاز کو اتارنے کے خواب آخری لمحات میں ناکام ہوگیا جس سے جشن کا جو ماحول تھا وہ اچانک مایوسی میں بدل گیا۔ایک اسرائیلی خلائی جہاز زمین سے اپنا رابطہ کھودینے کے بعد چاند پر اترنے سے چند لمحے قبل خلا میں تباہ ہوگیا۔

تفصیلات کے بموجب خلائی جہاز کا زمینی کنٹرول سے رابطہ اس وقت منقطع ہوا جب وہ چاند پر اترنے کے حتمی مراحل میں تھا جس کے چند لمحوں بعد ہی مشن کو ناکام قرار دے دیا گیا۔ اسرائیلی ایرواسپیس انڈسٹریز کے ایک عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خلائی جہاز یقیناً چاند کی سطح پر تباہ ہوچکا ہے ، طے شدہ لینڈنگ کے مقام پر خلائی جہاز کا ملبہ موجود ہے۔

خلائی جہاز کا انجن لینڈنگ سے قبل عین وقت پر منقطع ہوا اور جب تک توانائی بحال ہوئی خلائی جہاز بحفاظت اترنے کے لئے انتہائی تیزی سے حرکت کررہا تھا تاہم سائنسدان ابھی تک ناکامی کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

عہدیدار نے کہا کہ پہلے جمود کی پیمائش کرنے والا یونٹ خراب ہوا جس کے باعث خرابیوں کا سلسلہ چل نکلا جس کے بارے میں ہم ابھی یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔ہمیں صرف اتنا معلوم ہے کہ انجن بند ہوا اور انجن بند ہونے کے بعد خلائی جہاز تباہ ہوگیا۔

مشن سے منسلک سائنسدان جو چند لمحے قبل خوشی سے جھوم رہے تھے ایک دم ہوش و ہواس سے بے گانہ اور پریشان نظر آئے اور جہاں بھی اس منظر کو ملاحظہ کیا جارہا تھا وہاں جشن کے انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔