Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگ ہاردک پٹیل کو طمانچہ مارنے کی مذمت

 ہاردک پٹیل کو طمانچہ مارنے کی مذمت

- Advertisement -
- Advertisement -

سریندر نگر۔ کانگریس میں شامل ہوئے پاٹی دار ریزرویشن تحریک کمیٹی (پی اے ایس) کے سابق لیڈر ہاردک پٹیل کو آج ان کی آبائی ریاست گجرات میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران اسٹیج پر ایک شخص نے طمانچہ مارا۔

سفیدکرتا پاجامہ میں ملبوس اورکاندھوں پرکانگریس کے نشان والی پٹی ڈالے ہوئے ہاردک پٹیل نے ضلع سریندر کے بڈھوان تعلقہ کے بدلانا گاؤں میں منعقدہ کانگریس کی جن آکروش ریلی میں اپنا خطاب شروع ہی کیا تھا کہ داڑھی والے ایک شخص نے اچانک اسٹیج پر آکر انہیں طمانچہ مار دیا۔ وہ پاٹی دار تحریک کے دوران مارے گئے 14 نوجوانوں کے قتل کے لئے ہاردک پٹیل کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے راہول گاندھی (کانگریس) کے ساتھ ان کے وابستہ ہونے کی مخالفت میں چلانے لگا۔ اچانک پڑے طمانچے سے ہکا بکا ہاردک کے حامیوں نے اس شخص کو پکڑکر اس کی بھی پٹائی کردی۔ پولیس اسے گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی اور اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔

اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق یہ شخص جس کا نام ترون ہے مہسانہ ضلع کے کڑی تعلقہ کے جیسلمیر کا رہنے والا ہے ۔ پولیس تحقیقات کررہی ہے ۔

ہاردک نے اس واقعہ کے بعد بھی اپنی تقریر جاری رکھی۔ بعد میں صحافیوں سے انہوں نے کہا کہ یہ انہیں ڈرانے کے لئے بی جے پی کی سازش ہے ۔ حملہ آور یہاں کا نہیں، بیرونی ریاست کا ہے ۔

یہ پوچھے جانے پر کہ حملہ نے ان پر پاٹی دار تحریک کے دوران مارے گئے 14 نوجوانوں کی لاشوں پر سیاست کرنے کا الزام لگایا، ہاردک نے کہا کہ حملہ آورکی بات کو وہ سن نہیں پائے لیکن اگر اسے کوئی ناراضگی بھی تھی تو وہ بات کر سکتا تھا۔ راست طور پر دہشت گرد کی طرح مارنا صحیح نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پولیس کو اس بارے میں باضابطہ اطلاع دیں گے تاکہ مستقبل میں ان کا قتل یا بڑا حملہ ہونے پر اس کی ذمہ داری طے ہوسکے ۔

کانگریس کے سینئر لیڈر سلیش پرمار نے اسے بی جے پی کا سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ گجرات میں ہاردک کے جلسوں میں امڑنے والی بھیڑ سے برسراقتدار پارٹی گھبراگئی ہے ۔دوسری جانب بی جے پی نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سیاست میں اس طرح چیزوں کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ پارٹی کے لیڈر راجو دھرو نے راج کوٹ میں کہا کہ پاٹی دارسماج میں ان کے تئیں ناراضگی ہوسکتی ہے لیکن اس طرح کے مظاہروں اور نچلی سطح کی سیاست کی پارٹی حمایت نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں اپنی شکست ہوتی دیکھ کر کانگریس بی جے پر بھی الزام لگا سکتی ہے ۔